اہم ترین خبریںپاکستانپاکستان کی اہم خبریں

فرقہ وارانہ نفرت اور مسلمانوں میں اختلاف کو ہوا دینا قرآن و سنت سے انحراف ہے، علامہ مقصود ڈومکی

علامہ مقصود ڈومکی اور اہل سنت اکابرین کا مسلمانوں میں فرقہ واریت کی مذمت اور وحدت امت پر زور

شیعیت نیوز : جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد بلوچستان پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ جشنِ عید میلاد النبیؐ اور ہفتۂ وحدت کی مناسبت سے شاندار تقریبِ جشن اور میلاد ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں اہل سنت اکابرین نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

اتحاد و وحدت کا پیغام

تقریب میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی نائب صدر عزاداری ونگ سید غلام شبیر نقوی، مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی رہنما علامہ سیف علی ڈومکی، مولانا منور حسین سولنگی، مولانا ارشاد علی انقلابی، ال ڈومکی اتحاد کے سینیئر وائس چیئرمین حاجی شاہ مراد خان ڈومکی، اہل سنت رہنما حاجی داد محمد خان اور آئی ایس او ضلع جیکب آباد کے صدر عدیل شجاع فضل حسین ڈومکی نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں : لبنانی مسیحی شاعر جرج حنا شکور: کربلا سے مقاومت تک کا سفر

علامہ مقصود علی ڈومکی نے جشن عید میلاد النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سید الانبیاء محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ گرامی عالمِ بشریت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ قرآن کریم نے فرمایا کہ "مومنین آپس میں بھائی بھائی ہیں” جبکہ حضرت رسول اکرمؐ نے فرمایا کہ "مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں”۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ نفرتوں اور مسلمانوں کے درمیان اختلاف کو ہوا دینا قرآن و سنت سے انحراف ہے۔ تمام شیعہ و سنی علما اور اکابرین کی ذمہ داری ہے کہ اتحاد بین المسلمین اور وحدتِ امت کے پیغام کو عام کریں۔

اسلام دشمن قوتوں کی سازشیں

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ مسلمانوں کے درمیان نفرت پھیلانے کے لیے امریکہ، اسرائیل اور برطانیہ نے اربوں ڈالر خرچ کیے تاکہ مسلمان آپس میں لڑتے رہیں۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ شیعہ، سنی، دیوبندی اور بریلوی سب مسلمان ہیں اور آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل وہ قوتیں ہیں جو فلسطین میں سنی مسلمانوں، لبنان و ایران میں شیعہ مسلمانوں اور یمن میں زیدی مسلمانوں پر حملے کر کے بے گناہ مسلمانوں کا قتلِ عام کر رہی ہیں، لہٰذا ان کے ایجنٹ مسلمانوں کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔

وحدت کی اپیل

سید غلام شبیر نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم مسلمان متحد ہو کر اسلام دشمن سامراجی قوتوں کا مقابلہ کریں گے اور بارہ سے سترہ ربیع الاول تک ہفتۂ وحدت مسلمین منائیں گے۔

اہل سنت رہنما حاجی شاہ مراد ڈومکی نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین وقت کا تقاضا ہے، تمام مسلمان متحد ہو کر بیت المقدس کی آزادی کے لیے جدوجہد کریں۔

اہل سنت رہنما حاجی داد محمد خان نے کہا کہ شیعہ سنی مسلمان صدیوں سے بھائی چارے کے ساتھ رہتے آئے ہیں اور آج بھی ہم متحد اور متفق ہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button