طلاب امام زمانہ (عج) کے حقیقی سپاہی بنیں، آیت اللہ محمد جواد فاضل لنکرانی
مرکز فقہی ائمہ اطہار (ع) کے سربراہ کی مدرسہ سید الشہداء ہمت آباد کے طلاب سے ملاقات

شیعیت نیوز : مرکز فقہی ائمہ اطہار (ع) کے سرپرست آیت اللہ محمد جواد فاضل لنکرانی نے اپنے مشہد مقدس کے سفر کے دوران مدرسہ علمیہ حضرت سید الشہداء (ع) ہمت آباد کا دورہ کیا۔
انہوں نے مدرسہ علمیہ سید الشہداء (ع) کی پیشرفت اور وسیع علمی سرگرمیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس ادارے کا قیام زیادہ پرانا نہیں ہے، لیکن خدا کے لطف و کرم سے ایک طالب علم کی علمی، اخلاقی، سیاسی اور تبلیغی نشوونما کے لیے جو کچھ درکار ہے، وہ سب اس علمی و معنوی فضا میں فراہم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ سبطین سبزواری کا ناصبی عناصر کے خلاف انتباہ: عزاداری اور اہل بیت کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے اس رکن نے آیت اللہ سیدان کو خراسان کے بزرگ علمائے کرام میں سے ایک قرار دیتے ہوئے ان کے اس مدرسے پر اشراف کی قدر دانی کی اور مزید کہا: حجت الاسلام والمسلمین عرب شاہی اور ان کے رفقا ایک جامع، پختہ، تجربہ بنیاد اور حکیمانہ پروگرام کے ساتھ طلاب کی تربیت کا راستہ سنجیدگی سے طے کر رہے ہیں جو قابلِ تقدیر ہے۔
مرکز فقہی ائمہ اطہار (ع) کے سرپرست نے مدرسے کے طلاب کو خطاب کرتے ہوئے کہا: طلاب کو چاہیے کہ وہ مدرسے کی علمی و معنوی فضا سے بھرپور استفادہ کریں اور خود کو امام زمان (عج) کے حقیقی سپاہی اور دین کے پرچم بردار کے طور پر تیار کریں، جیسا کہ روایات میں آیا ہے کہ قیامت کے دن بلند مقام والا فقیہ وہ ہے جو زمانہ غیبت میں یتیمان آل محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی کفالت کرے اور یہ عنوان ایک طالب علم کے لیے سب سے بڑے افتخارات میں شمار ہوتا ہے۔