شامی حکومت اور مخالفین عیدالاضحٰی کے موقع پر فائر بندی پر رضامند
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے لخدار ابراہیمی کا کہنا ہے کہ ان کی اطلاعات کے مطابق شامی حکومت اور مخالفین عید قربان کے موقع پر فائر بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔ آج مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نبیل العربی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران لخدار ابراہیمی کا کہنا تھا کہ شام کے حکام نے عید قربان کے موقع پر جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے اور وہ اس سلسلے میں جمعرات کو ایک بیان بھی جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں باغی گروہوں کے اکثر سینئر ارکان بھی عید قربان کے موقع پر جنگ بندی پر متفق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مختصر جنگ بندی پر عملدرآمد سے طویل جنگ بندی کا امکان بھی پیدا ہو جائے گا اور اس طرح شام کے بحران کے سیاسی حل کا عمل بھی شروع کیا جاسکتا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق شام کی حکومت اور مخالفین عید الاضحٰی کے موقع پر فائر بندی پر رضامند ہوگئی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے نمائندے لخدار ابراہیمی نے کہا کہ ان کی اطلاعات کے مطابق شام کی حکومت عیدالاضحی کی تعطیلات کے موقع پر جنگ بندی پر رضامند ہوگئی ہے جبکہ مخالفین کا کہنا ہے کہ وہ بھی حکومتی عمل کا مثبت جواب دیتے ہوئے فائر بندی کر دینگے۔ لخدار ابراہیمی کا مزید کہنا ہے کہ دمشق نے قیام امن کیلئے اقدامات کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔