پاراچنار: تکفیری دہشتگرد گروپ "عمری کاروان” کی شیعہ خاندان پر فائرنگ، باپ شہید دو بیٹیاں زخمی

05 ستمبر, 2025 19:45

شیعیت نیوز : لوئر کرم کے علاقے مخی زئی میں پاراچنار جانے والی شیعہ فیملی کی گاڑی پر تکفیری دہشتگرد گروہ کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں زاہد حسین نامی شخص شہید جبکہ اس کی دو بیٹیاں شدید زخمی ہوگئیں۔ بعد ازاں زخمیوں کو ڈی ایچ کیو پاراچنار منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لوئر کرم میں مخی زئی کے پہاڑی علاقے شمع دار بابا میں پاراچنار جانے والی ایک گاڑی پر تکفیری دہشتگردوں نے شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں زاہد حسین نامی شخص، جس کا تعلق پاراچنار کی شیعہ کمیونٹی سے ہے، موقع پر شہید ہوگیا جبکہ اس کی دو جوان سال بیٹیاں جن کی عمر 15 اور 17 سال ہے، فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق زاہد حسین اپنی دو بیٹیوں کے ہمراہ اپنے رشتہ داروں کے ہاں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پاراچنار جا رہے تھے کہ لوئر کرم مخی زئی میں ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم لشکر جھنگوی اور القاعدہ کے 5 کارندے گرفتار

پاراچنار سے تعلق رکھنے والی شیعہ فیملی کی گاڑی پر فائرنگ کر کے شہید و زخمی کرنے کی ذمہ داری "عمری کاروان” نامی ایک تکفیری دہشتگرد گروہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے قبول کی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں "عمری کاروان” تکفیری دہشتگرد گروہ سے تعلق رکھنے والے مقامی دہشتگردوں خوجہ ناہید، شاہنواز، عبدالولی، ترابی مینگل اور ایم پی اے ریاض شاہین کے والد مرزا طارق نے خود اعتراف کیا تھا کہ وہ پاراچنار کی شیعہ کمیونٹی کو قتل کریں گے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے سکیورٹی اداروں کی ناک کے نیچے دندناتے ان تکفیری دہشتگردوں کے خلاف تاحال کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ضلع کرم کے عمائدین کے مابین طے شدہ "امن معاہدے” کے مطابق ان حملہ آوروں کو، جن کی شناخت واضح ہے اور جن کے اعترافی بیانات موجود ہیں، فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے اور ان کے گھروں کو مسمار کیا جائے تاکہ علاقائی امن کے ساتھ ساتھ حکومت اور سکیورٹی اداروں کی عملداری بھی ثابت ہو سکے۔

2:53 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔