ہفتۂ وحدت امتِ مسلمہ کے اتحاد اور اخوت کا مظہر ہے، امام جمعہ سکردو
شیعیت نیوز :
بسم اللہ الرّحمٰنِ الرّحِیمِ
الحمد للہ ربِّ العالمین، والصلاة والسلام علی سید الانبیاء والمرسلین محمد و آلہِ الطاہرین و اصحابِہِ المنتجبین اجمعین۔
ہفتۂ وحدت، جو 12 ربیع الاول تا 17 ربیع الاول تک منایا جاتا ہے، دراصل امتِ مسلمہ کے اتحاد اور اخوت کا مظہر ہے۔ یہ وہ مبارک ایام ہیں جن میں ہم اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادتِ باسعادت کو عقیدت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں اور ساتھ ہی یہ عہد کرتے ہیں کہ ان کی سیرتِ طیبہ کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کا محور بنائیں گے۔
امامِ خمینیؒ نے ہفتۂ وحدت کے اعلان کے ذریعے عالمِ اسلام کو یہ پیغام دیا کہ امت کو فرقہ وارانہ اختلافات سے بالاتر ہو کر اسلام کی اصل روح یعنی اخوت، بھائی چارہ اور وحدت کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔ قرآنِ مجید کی واضح ہدایت ہے: وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِیعًا وَلَا تَفَرَّقُوا۔ (سورہ آلِ عمران: 103) — اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ مت ڈالو۔
آج امتِ مسلمہ کو درپیش تمام مسائل چاہے وہ فلسطین سمیت دیگر ممالک کی مظلومیت ہوں یا اسلاموفوبیا اور استعماری سازشیں — سب کا واحد حل اتحاد و یکجہتی ہے۔ جب مسلمان ایک دوسرے کے ساتھ بھائی کی طرح کھڑے ہوں گے تو کوئی طاقت انہیں کمزور نہیں کر سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں :
میں پاکستان اور خصوصاً گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ہفتۂ وحدت کو نہ صرف ایک مذہبی فریضہ سمجھ کر منائیں، بلکہ اسے عملی طور پر اتحاد بین المسلمین کے فروغ کا ذریعہ بنائیں۔ مساجد، مدارس، امام بارگاہوں اور اجتماعات میں ایسے پروگرام منعقد ہوں جو ہمیں قریب لائیں، دور نہ کریں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو امت کی سربلندی، پاکستان کی ترقی اور محروم و مظلوم طبقات کی خدمت کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثمّ آمین۔
والسّلام
امام جمعہ سکردو
حجت الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محمد حسن جعفری







