امریکی و صہیونی منصوبے ناکام، شیعہ سنی اتحاد ہی کامیابی کی کنجی ہے: آیت اللہ سعیدی
قم کے امام جمعہ کا کہنا ہے کہ وحدت ہی اسلام کے عالمی پیغام کو عام کرنے اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کا مؤثر راستہ ہے۔

شیعیت نیوز : قم کے امام جمعہ آیت اللہ سید محمد سعیدی نے کہا ہے کہ امریکی اور صہیونی منصوبے عوامی اتحاد کے سامنے ناکام ہوگئے ہیں اور آج وحدت ہی اسلام کے عالمی پیغام کو عام کرنے کا سب سے مؤثر راستہ ہے۔
نمازِ جمعہ کے خطبے میں انہوں نے کہا کہ صہیونی لابی کی حکمتِ عملی یہ ہے کہ براہِ راست لشکر کشی کے بجائے ممالک کے اندرونی ڈھانچوں کو بتدریج کمزور کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے وہ جنگِ نفسیاتی، اطلاعاتی کارروائیوں اور محدود فوجی حملوں کے ذریعے عوامی اعتماد کو متزلزل کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایران، لبنان اور یمن کے تجربات نے ثابت کر دیا کہ یہ حربے ناکام ہو کر مزید اتحاد اور مزاحمت کا باعث بنے۔
آیت اللہ سعیدی کے مطابق سب سے بڑی غلطی دشمن یہ سمجھنا تھا کہ وہ چند آپریشنز اور افواہوں سے عوام اور نظام کے درمیان فاصلے بڑھا سکتے ہیں، مگر نتیجہ اس کے برعکس نکلا۔ ایران میں عوام اور اداروں کا گہرا تعلق دیوارِ استقامت بن گیا جس نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
یہ بھی پڑھیں : ہفتہ وحدت ہماری کامیابی اور مقاومت کا اصل راز ہے، آیت اللہ علم الہدیٰ
انہوں نے زور دیا کہ آئندہ بھی اس طرح کی یلغار کو ناکام بنانے کے لیے وحدت کو مزید تقویت دینا ضروری ہے۔
ہفتہ وحدت کے موقع پر انہوں نے کہا کہ بہترین تحفہ رسول اکرم (ص) اور امام صادق (ع) کے لیے یہی ہے کہ ہم ان کی توقعات پر لبیک کہیں۔ قرآن کے مطابق ایمان والوں کی حقیقی طاقت اخوت اور وحدت میں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ دور میں شیعہ و سنی اتحاد اور ولی فقیہ کی پیروی ہی عالمی استکبار اور صہیونی عزائم کو ناکام بنا سکتی ہے اور اسی سے حکومتِ عدلِ مهدوی (عج) کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔