ہفتہ وحدت ہماری کامیابی اور مقاومت کا اصل راز ہے، آیت اللہ علم الہدیٰ
مشہد مقدس کے امام جمعہ: شیعہ و سنی کے درمیان سرحدیں نہیں، دشمن مشترک ہے

شیعیت نیوز : آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ نے حرم مطہر رضوی کے رواق امام خمینی (رہ) میں نماز جمعہ کے خطبے میں خطاب کے دوران کہا کہ آج ہفتہ وحدت کا پہلا دن ہے، جو ولادت پیغمبر اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے ابتکارِ عمل سے مختلف اسلامی مذاہب خصوصاً شیعہ و سنی کے درمیان وحدت کو تقویت دینے کے لیے نام گذاری ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لکھنؤ کے اہل سنت میں آیت اللہ خامنہ ای کی مقبولیت میں اضافہ
انہوں نے کہا کہ ہفتہ وحدت نہ صرف سنی اور شیعہ کے درمیان موجود سرحدوں کو ختم کرتا ہے بلکہ ہمیں استکبار کے مقابلے کے محاذ میں بھی متحد کرتا ہے۔ وہی بم جو صیہونی حکومت فلسطینی سنی مسلمانوں پر گراتی ہے، ایرانی شیعوں پر بھی گراتی ہے۔ آج ایک ہی دشمن اسلام کو مٹانے کے لیے سنی اور شیعہ دونوں کا خون بہا رہا ہے۔
آیت اللہ علم الہدیٰ نے کہا کہ یاد رکھیں، وحدت دشمن کے مقابلے میں مقاومت کا بنیادی اکسیر اور ہماری کامیابی کا اصل عامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کا اصل ہدف ہماری باہمی وحدت اور عوامی یکجہتی کو کمزور کرنا تھا جیسا کہ صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے بھی خود کھلے الفاظ میں اعتراف کیا کہ باوجود کوششوں کے وہ اس مقصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔ ہماری کامیابی کا اصل سبب ہماری وحدت اور عوامی مقاومت تھی۔
مشہد مقدس کے امام جمعہ نے کہا کہ ہر عقیدہ محترم شمار ہونا چاہیے۔ وحدت کے موانع میں سے ایک اسلامی مذاہب کے درمیان تفرقہ ڈالنا ہے، حالانکہ ہمارا ایک ہی کتاب اور ایک ہی پیغمبر پر ایمان ہے اور ہمارا دشمن بھی مشترک ہے۔ دشمن کا ہدف صرف شیعہ نہیں بلکہ اہل سنت مسلمان بھی ہیں اور اہل غزہ اس تجاوز کی نمایاں مثال ہیں۔