مشرق وسطی
عراق:لاکھوں عزاداران امام موسیٰ کاظم (ع)کاظمین پہنچ گئے

واضح رہے کہ کاظمین میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کا روضہ اطہر ہے۔ یادرہے حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے لاکھوں افراد آپ کی زیارت کرنے آتے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ دنیا بھر سے آنے والے زائرین بدھ کی شب سے ہی حرم امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے گرد جمع ہونا شروع ہو چکے ہیں جبکہ دوسری جانب شہر میں دہشت گردانہ کاروائیاں اور خود کش حملے بھی ہو چکے ہیں جس کے نتیجہ میں سینکڑوں عزاداران امام موسیٰ کاظم علیہ السلام ذخمی و شہید ہو چکے ہیں۔
عراقی حکومت نے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کاظمین شہر کی طرف جانے والے تمام راستوں پر ٹریفک کو بند کر دیاہے اور زائرین امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی گاڑیوں کی سخت تلاشی کے بعد شہر میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
عراقی حکومت کے ایک اعلی عہدیدار میجر جنرل قاسم عطا کا کہنا ہے کہ زائرین امام موسیٰ کاظم علیہ السلام جو کہ دنیا بھر سے حرم مقدس میں پہنچ رہے ہیں ان کی حفاظت کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ زائرین امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی سہولیات کے لئے ٹریفک اور ہوائی اڈوں پر خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔اور زائرین امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی رہائش کی سہولیات کے لئے شہر کے اطراف میں سینکڑوں خیمے بھی نصب کر دئیے گئے ہیں جہاں پر زائرین امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کو رہائشی اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
عراقی حکومت کے عہدیدار میجر جنرل قاسم کا کہنا تھا کہ شہر میں تین دن کے لئے چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکل کا داخلہ ممنوعہ قرار دے دیا گیا ہے کیونکہ حساس اداروں کی اطلاعات کے مطابق چھوٹی گاڑیوں کی مدد سے دہشت گردی کی کاروائیوں کا خطرہ ہے۔
دوسری جانب نیشنل الائنس کے رہنما عدنان السراج نے کہا ہے کہ دہشتگرد عناصر شیعہ اور سنی میں فساد کروانے اور حکومت سازی کے عمل کو متاثر کرنے کے لئے شہادت امام موسی ٰ کاظم علیہ السلام کی مناسبت سے آنے والے لاکھوں زائرین کے اجتماعات کو نشانہ بنا سکتے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد گروپس عراق میں ایک ایسے وقت میں دہشت گردانہ کاروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ عراق کے شیعہ،سنی عوام حتیٰ عیسائی بھی آپس میں متحد ہیں۔