سبط النبی(ع) عالمی کانفرنس میں ویکی شیعہ ویب سائٹ کا افتتاح
فرزند رسول خدا حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کی سیرت کے پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لئے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جانب سے پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز، آج تہران میں اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر کے خطاب سے ہوا۔ اس بین الاقوامی کانفرنس میں، جو دو دن تک جاری رہے گي، دین و ثقافت کے شعبے سے منسلک سینکڑوں ایرانی اور غیر ایرانی شخصیات اور محققین نے شرکت کی ۔ آج اتوار کو اس بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی کاوشوں سے تیار شدہ سب سے بڑے مجازی دائرۃ المعارف یا ورچوئل انسائیکلو پیڈیا کی، شیعہ دائرۃ المعارف( ویکی شیعہ)http://ur.wikishia.net/view/ کے عنوان سے چھ زبانوں میں رونمائی ہوئی۔ اسی طرح اس دو روزہ کانفرنس میں چار مضامین پر مشتمل آٹھ جلد کتاب، امام حسن مجتبی علیہ السلام کے اقوال زریں کےایک مجموعے، کرامت سے موسوم اشعار کے دیوان، ایک جلد عربی زبان میں اور ایک دعا کی کتاب کی رونمائی عمل میں آئے گی۔ اس کانفرنس میں شیعوں کے دوسرے امام حضرت حسن مجتبی علیہ السلام کی صلح اورتیسرے امام حضرت حسین شہید کربلا علیہ السلام کی جنگ کے موازنے پر مشتمل ایک کتاب کی بھی رونمائی ہوگي۔