ایران: پورا اسرائیل حزب اللہ کے نشانے پرہے

جنرل امیر علی حاجی زادے جو کہ ایرانی سپاہ پاسداران کی فضائی ڈویژن کے سربراہ ہیں، نے حزب اللہ کی میزائل صلاحیت کے حوالے سے کہا ہے کہ "اسرائیل کو حزب اللہ کی اس نئی قوت کا سامنا ہوگا۔” حزب اللہ کے شہید کمانڈر حسن اللقیس نے اپنی اس تنظیم کو اسلحہ کے اعتبار سے ترقی دینے اور مضبوط کرنے میں غیر معمولی کردار ادا کیا تھا۔ سپاہ پاسداران کی ایک ویب سائٹ کے مطابق "حزب اللہ کی عسکری طاقت میں حالیہ برسوں کے دوران غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ اب حزب اللہ اس پوزیشن میں آگئی ہے کہ اسرائیل کے اندر جہاں جس نقطے کو چاہے کامیابی کے ساتھ ٹھیک ٹھیک ہٹ کر سکتی ہے۔”
واضح رہے کہ حزب کے کمانڈر حسن اللقیس کو پچھلے ماہ جنوبی بیروت میں شہید کر دیا گیا تھا۔ شہید کمانڈر کی یاد میں ماہ رواں کے شروع میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا، جس میں انقلابی محافظین کے کمانڈر نے شرکت کی تھی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا ”حسن اللقیس ایک عظیم کمانڈر تھے، ان کی خدمات کو اسرائیلی حملے کو روکنے کا ذریعہ سمجھا جائے گا۔” ایرانی کمانڈر نے کہا الیکٹرانک ایجادات کے شعبے میں وہ ایک غیر معمولی حیثیت کے حامل تھے۔ اس تقریب میں ایران کے دیگر انقلابی ذمہ داران نے بھی شرکت کی تھی۔
حزب اللہ نے ابھی اپنی اس میزائل صلاحیت میں اضافے کی تفصیلات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے۔ تاہم اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اس امر پر تشویش ظاہر کی ہے کہ حزب اللہ نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے اسرائیلی مراکز کو نشانہ بنانے کیلیے شام میں تیاری کر رکھی ہے۔ اس بارے میں امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے یہ میزائل شام سے لبنان میں پارٹس کی صورت منتقل کیے ہیں۔








