سیرتِ زہراؑ کو معاشرے میں عام کرنے کی ضرورت ہے، آیت اللہ اعرافی
آیت اللہ علی رضا اعرافی
شیعیت نیوز : حوزاتِ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایامِ فاطمیہ کے پردرد موقع پر ملتِ ایران، حوزات علمیہ، علمائے کرام اور مبلغین کو تعزیت پیش کی ہے۔ انہوں نے ایامِ عزا کے دوران ملک بھر میں تبلیغی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے مقصد سے حوزہ علمیہ قم میں سطوح اور خارج کے دروس، نیز تخصصی مراکز میں 13 جمادی الاول سے ہفتے کے اختتام تک باقاعدہ تعطیل کا اعلان کیا ہے تاکہ طلاب اور اہلِ علم مختلف علاقوں میں جاکر پیغامِ زہراؑ اور تبلیغِ دین کی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے سکیں۔
آیت اللہ اعرافی نے اپنے خصوصی پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ذاتِ گرامی قرآن، احادیث اور اسلامی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جو علم، عبادت، ایثار اور دفاعِ ولایت کا عظیم ترین استعارہ ہے۔ انہوں نے علمائے کرام، خطبا اور مبلغین کو متوجہ کیا کہ وہ مجالسِ عزاداری میں آپؑ کی علمی، عبادی، سماجی اور سیاسی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کریں اور عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں : یمن پر مسلط جنگ آل سعود کے گلے پڑ گئی، سعودی عرب معاشی تباہی کے دہانے پر
موجودہ ثقافتی و سماجی چیلنجز پر گفتگو کرتے ہوئے سربراہ حوزہ علمیہ نے واضح کیا کہ خاندانی نظام کی مضبوطی، صحت مند معاشرے کی تشکیل اور حجاب و عفت جیسی اقدار کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت سے بڑھ کر کوئی نمونۂ عمل نہیں۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ، خواتین اور مبلغین پر زور دیا کہ وہ ان مسائل پر شعور بیدار کریں اور متعلقہ ادارے اپنا عملی کردار ادا کریں۔
آیت اللہ اعرافی نے حکام سے بھی پرزور مطالبہ کیا کہ وہ موجودہ حساس حالات میں عوام، بالخصوص معاشی مشکلات کے شکار طبقے کے مسائل حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں، کیونکہ حقیقی دینی اور انقلابی تربیت اسی وقت مؤثر ہوتی ہے جب عوام کی عملی مدد کی جائے۔ اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے ملتِ ایران، امتِ اسلامیہ، علمائے کرام، رہبر انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای اور مسلح افواج کی سلامتی، عزت اور استقامت کے لیے خصوصی دعا کی۔







