ایرانی قوم کی عظمت کا بھرپور دفاع کریں گے۔ڈاکٹر حسن روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر جناب ڈاکٹر حسن روحانی نے، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے امریکہ کے دورے پر ہیں، نیویارک کے جان اف کنیڈی ایر پورٹ پہنچنے پر کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 68 ویں سالانہ اجلاس سے اپنے خطاب میں ایرانی قوم کی عظمت کا بھرپور دفاع کریں گے۔
صدر مملکت جناب ڈاکٹر حسن روحانی نے نیویارک ایر پورٹ پر ہمارے نامہ نگار سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان کے اس دورے کا ایک اہم ترین مقصد، ایرانی قوم کی عظمت کا دفاع کرنا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ وہ اپنے چار روزہ دورۂ امریکا میں مختلف ملکوں منجملہ فرانس و آسٹریا و ترکی کے صدور، عراق کے نائب صدر اور اسی طرح چین و اسپین اور پاکستان کے وزرائے اعظم کے علاوہ امریکہ کے مسلمان رہنماؤں اور اس ملک میں مقیم ایرانیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔