ایران

عشرہ فجر کا آغاز،یکم فروری امام خمینی (رح) کی وطن واپسی

Imam-Khomeiniقم میں امام خمینی رحمةاللہ علیہ کے گھر پر پھول برسائے گئے
یکم فروری؛ امام خمینی رحمةاللہ علیہ کی وطن واپسی کی بتیسویں سالگرہ کے موقع پر قم میں امام خمینی رحمةاللہ علیہ کے گھر پر پھول برسائے گئے۔رپورٹ کے مطابق آج یکم فروری کو رہبر انقلاب اسلامی اور بانی اسلامی جمہوریہ ایران حضرت آیت اللہ العظمی امام سید روح اللہ الموسوی الخمینی رحمة اللہ علیہ کی وطن واپسی کی مناسبت سے سپاہ پاسداران اور بسیج کے کمانڈروں، اسکولوں کے طلبہ اور عوام کی مختلف طبقات نے قم  المقدسہ میں واقع امام خمینی رحمةاللہ علیہ کے گھر میں حاضری دے کر گلدستے پیش کئے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے پرچم اٹھا کر اس عظیم اور تاریخی دن کی یاد منائی۔
اس سلسلے میں انقلاب اسلامی کی بتیسویں سالگرہ کی مناسبت سے قم کے اسکولوں کی نمائندگی کرتے ہوئے 32 ممتاز طلبہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے پرچم سے مزین لباس زیب تن کئے ہوئے تھے جو اس تقریب میں خاص طور پر نمایاں تھے۔
موٹر سائکل سوار دستوں نے بھی رسول اللہ الاعظم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے بڑے پرچم اٹھا کر شہید زین الدین اسکوائر سے امام خمینی رحمةاللہ علیہ کے گھر تک مارچ کیا۔
سپاہ پاسداران، بسیجیوں اور طلبہ نے امام خمینی رحمةاللہ علیہ کے گھر سے ملحقہ "روح اللہ اسکوائر” پر اجتماع کیا، جہاں بینڈ گروپ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور اس کے بعد حاضرین نے امام خمینی رحمةاللہ علیہ کے گھر پر پھول برساتے ہوئے اسلامی انقلاب کے رہبر اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت آیت اللہ العظمی امام سید روح اللہ الموسوی الخمینی رحمة اللہ علیہ کو خراج عقیدت و تحسین پیش کیا۔
یادرہے کہ امام خمینی رحمةاللہ علیہ، جنوری 1979 کو محمد رضا پہلوی کے ایران سے فرار کے بعد، 1 فروری 1979 کو وطن واپس تشریف لائے تھے۔
عشرہ فجر کا آغاز
اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی تقریبات شروع
ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی بتیسويں سالگرہ کی تقریبات آج اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی (رح) کے حرم مطہر میں باضابطہ طور پر شروع ہوگئیں۔
یہ تقریبات امام خمینی رحمةاللہ علیہ کی وطن واپسی کے وقت یعنی صبح نوبجکر تینتیس منٹ پر اللہ اکبر کے نعروں سے شروع ہوئيں اس موقع پر اعلی سول اور فوجی حکام کے علاوہ اسکولوں اور کالجوں کے طلباء کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریبات کے آغاز پر لوگوں نے "یاد امام خمینی پایندہ باد” رہبر ما خامنہ ای زندہ باد” کے نعرے لگا کر امریکہ سے اپنی نفرت و بیزاری کا اعلان کیا ۔
یاد رہے کہ یکم فروری 1979 کو حضرت امام خمینی رحمةاللہ علیہ جلاوطنی کے 15 برس بعد فاتحانہ انداز سے ایران واپس لوٹے تھے اور ایران پہنچنے پر ان کا بے شمار انقلابیوں نے والہانہ اور تاریخی استقبال کیا تھا۔
امام خمینی رحمةاللہ علیہ کے ایران واپس پہنچنے پر شاہی حکومت کے خلاف ایران کے مومن عوام کی انقلابی تحریک انتہائی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئي اور ٹھیک دس دن بعد ایران کا اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
آج عشرہ فجر کے پہلے دن رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بھی امام خمینی رحمةاللہ علیہ کے مرقد مطہر پر حاضری دے کر ان کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
نیز رہبر انقلاب اسلامی نے بہشت زہرا میں انقلاب اور مسلط کردہ جنگ کے شہیدوں کے مزاروں پر بھی حاضری دی اور فاتحہ پڑھی ۔
اس تقریب میں شہداء کے اہلخانہ، جانبازان اور ان کے اہل خانہ اور ملک اعلی فوجی اور سول شخصیات موجود تھیں۔
اس موقع پر مہرآباد ہوائی اڈے سے لیکر بہشت زہرا (س)  تک کے راستے پر ہیلی کاپٹروں سے پھول برسائے گئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button