ہم ایک بڑی فتح کے قریب ہیں، تہران میں یمنی سفیر ابراہیم محمد الدیلمی

03 اکتوبر, 2026 19:25

شیعیت نیوز : تہران میں یمنی سفیر ابراہیم محمد الدیلمی نے اسلامی موتلفہ پارٹی کے مرکزی دفتر میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل محمد علی امانی سے اہم ملاقات اور گفتگو کی ہے۔ یہ ملاقات دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاسی اور جماعتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے منعقد ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال اور عالم اسلام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یمنی سفیر نے گفتگو کے دوران ’’موتلفہ‘‘ کے مفہوم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مطلب ہم آہنگی اور دلوں کا باہم جڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یمن میں آپ کو اپنے سے جڑے ہوئے دلوں میں شمار کرتے ہیں اور فرمانِ رسولِ اکرمؐ کے مطابق ہماری روحیں آپ کے ساتھ موتلف ہو چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی فوجیوں کا انخلا مذاکرات نہیں بلکہ اسلامی مزاحمت کا نتیجہ ہے، آیت اللہ سید یاسین موسوی

ابراہیم محمد الدیلمی نے شہید سید حسن نصر اللہ کی شہادت کی دوسری برسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دس سال قبل انہوں نے مجھ سے فرمایا تھا کہ دنیا کے لوگ آیت اللہ خامنہ ای (رضوان اللہ تعالیٰ علیہ) کی قدر و منزلت کو نہیں جانتے۔ یمنی سفیر نے کہا کہ اب شہید رہبر کے بعد جو چیز ہمیں تسلی دیتی ہے، وہ آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای (حفظہ اللہ) کی جانشینی ہے، عالم اسلام کو ان کی قدر و منزلت پہچاننی چاہیے کیونکہ ایران کی ہر شکست یا پسپائی اسلام کی شکست اور سلامتی کے خاتمے کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امتِ اسلامی بڑی تبدیلیوں کے راستے پر گامزن ہے اور ہم ایک بڑی فتح کے قریب ہیں۔

اسلامی موتلفہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل محمد علی امانی نے یمنی سفیر کا شاندار خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی گہرائی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے مظلوم عوام کی حمایت اور وہاں انسانی بحران کا خاتمہ اسلامی جمہوریہ ایران کا اصولی مؤقف ہے۔ اس موقع پر یمنی عوام کی تاریخی مزاحمت اور جدوجہد کے اعتراف میں ایک تحریری خراجِ تحسین بھی یمنی سفیر کو پیش کیا گیا۔ ملاقات کے اختتام پر مسئلہ فلسطین، اقتصادی و ثقافتی تعاون اور مشترکہ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

8:24 شام اکتوبر 3, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔