دشمن نے حماقت کی تو ایران کی طاقت کے نئے پہلو دیکھے گا، آیت اللہ علی رضا اعرافی

02 اکتوبر, 2026 18:40

شیعیت نیوز : قم المقدسہ میں نمازِ جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حوزہ ہائے علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ جنگ نے ایران اور مزاحمتی محاذ کی طاقت کے نئے پہلو دنیا کے سامنے آشکار کر دیے ہیں۔ دشمن یہ بات اچھی طرح جان لے کہ اگر اس نے دوبارہ کوئی حماقت کی تو ایران اپنی طاقت کے مزید نئے اور حیران کن پہلو سامنے لائے گا۔

آیت اللہ اعرافی نے اپنے خطبے کے آغاز میں آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی عظیم فقہی، علمی اور حوزوی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ہفتۂ دفاع مقدس کی مناسبت سے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے مسلح افواج بالخصوص پولیس پر زور دیا کہ وہ سماجی برائیوں اور حجاب و عفاف کے مسائل سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جہادی اور انقلابی انداز اپنائے۔ انہوں نے قم کی دینی و اخلاقی شناخت کے تحفظ اور ملک کے باصلاحیت نوجوانوں کی بھرپور سرپرستی کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ سائنسی اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں مزید پیش رفت ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں : یمن: سعودی حمایت یافتہ صدارتی کونسل کا اہم فوجی کمانڈر محمد الخولانی ہلاک

موجودہ دور کی "جنگِ روایت” (War of Narratives) کا ذکر کرتے ہوئے خطیبِ جمعہ نے کہا کہ دشمن ہزاروں ذرائع ابلاغ کے ذریعے جنگ کے حقائق کو اپنی مرضی سے مسخ کر کے پیش کر رہا ہے، جس کا مقابلہ صرف عوام کی بصیرت اور مضبوط فکری استقامت سے ہی ممکن ہے۔ حالیہ جنگ کے پانچ اہم نتائج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس جنگ نے امریکہ اور اسرائیل کے ناقابلِ تسخیر ہونے کا بھرم توڑ دیا ہے اور دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ ایرانی قوم اپنے دفاع کے لیے براہ راست امریکہ کے سامنے کھڑی ہوسکتی ہے۔

انہوں نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے باوجود بعض عرب ممالک کی جانب سے اسرائیلی حکام سے ملاقاتوں اور معاہدوں پر سخت تنقید کی اور متنبہ کیا کہ مسلم اقوام ان اقدامات کو کبھی فراموش نہیں کریں گی اور ایک دن ان حکام سے ضرور حساب لیا جائے گا۔

آیت اللہ اعرافی نے واضح کیا کہ حالیہ جنگ نے خطے میں طاقت کا توازن بدل دیا ہے اور آبنائے ہرمز اور باب المندب کی جغرافیائی اہمیت مزید کھل کر سامنے آچکی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ماضی کی احتیاطی حکمتِ عملی تبدیل ہوچکی ہے، اگر ایران کے خلاف براہِ راست کارروائی کی گئی تو ملک اپنی ان صلاحیتوں کو استعمال کرے گا جنہیں ابھی تک پوشیدہ رکھا گیا ہے۔

8:35 شام اکتوبر 2, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔