دشمن کو روکنے کے لیے جتنے میزائل درکار ہوں فائر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایرانی جنرل
شیعیت نیوز : ایرانی پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر کے مشیر بریگیڈیئر جنرل علی بلالی نے واضح کیا ہے کہ ایرانی مسلح افواج دشمن کو روکنے کے لیے جتنے میزائل ضروری ہوں، اتنے داغنے کی مکمل صلاحیت اور آمادگی رکھتی ہیں۔ ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میزائل ٹیکنالوجی انتہائی پیچیدہ ہونے کے باوجود ایران کا تمام دفاعی سازوسامان مقامی سطح پر تیار کردہ ہے۔ سخت ترین عالمی پابندیاں بھی ایران کو میزائل اور ڈرون ٹیکنالوجی میں پیش رفت سے نہیں روک سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کی یمن پر جارحیت تیز، 24 گھنٹوں میں 51 فضائی و میزائل حملے
جنرل بلالی نے 80 کی دہائی کی مسلط کردہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت شدید پابندیوں اور وسائل کی کمی کے باعث ایران نے آٹھ سالہ دفاع کے دوران صرف 88 میزائل فائر کیے تھے تاکہ جنگ کے اختتام تک کارروائیاں جاری رکھی جا سکیں، تاہم آج صورتحال یکسر مختلف ہے۔ آج ہماری مسلح افواج پوری قوت اور عزم کے ساتھ بھرپور جواب دیتی ہیں اور دشمن کو سمجھ آ جانا چاہیے کہ مارو اور بھاگ جاؤ کا دور ختم ہوچکا ہے۔ حالیہ جارحیت میں دشمن کے محدود حملوں کے جواب میں ایران نے کئی گنا زیادہ حملے کیے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کی میزائل تیاری اور فائر کرنے کی صلاحیت اس اعلیٰ سطح پر پہنچ چکی ہے کہ اگر محاذ آرائی برسوں تک بھی جاری رہے تو ہم اسی رفتار سے کارروائیاں برقرار رکھ سکتے ہیں۔ جنرل بلالی نے واضح کیا کہ ملک کی فوجی صلاحیتوں اور ہتھیاروں کے استعمال کے یہ تمام جامع منصوبے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی براہ راست رہنمائی اور نگرانی میں تیار کیے گئے ہیں۔







