دشمن کی ہمیں ماضی میں دھکیلنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، رہبر معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کا اہم پیغام
آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای
شیعیت نیوز : رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے ہفتہ مقدس دفاع اور سید مقاومت شہید سید حسن نصر اللہ کی شہادت کی دوسری برسی کی مناسبت سے اپنے ایک اہم اور تفصیلی پیغام میں واضح کیا ہے کہ وہ سابقہ دور، جس میں ہمارا دشمن ہمیں واپس لے جانے کا خواہشمند ہے، گزر چکا ہے اور اب وہ تاریک دور کبھی واپس نہیں آئے گا۔ انہوں نے قرآن مجید کی سورۂ ابراہیم کا حوالہ دیتے ہوئے انقلاب اسلامی کی کامیابی کو کفر کے اندھیروں سے نکل کر ایمان کی روشنی میں آنے کا سفر قرار دیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں انقلاب سے قبل کے سامراجی تسلط کی یاد دلاتے ہوئے فرمایا کہ ایک وقت تھا جب اغیار کے سفیر ملک کے شاہ کو احکامات دیتے تھے، لیکن امام خمینی (رہ) کی قیادت میں ایرانی قوم نے اس بساط کو الٹ دیا۔ دشمن نے اس انقلاب کو ناکام بنانے کے لیے آٹھ سالہ جنگ مسلط کی، لیکن اس آگ سے اسلامی نظام مزید طاقتور ہو کر ابھرا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج ہم اس مقام پر ہیں کہ ہمارے پاس طاغوتی دور کے خالی ہاتھوں کے بجائے وہ طاقت ہے کہ جارحین ہمارے مجاہدین سے پناہ مانگتے ہیں۔ آج ہم دنیا کی صف اول کی طاقت ہیں، آبنائے ہرمز میں ہمارے محافظوں کے خوف سے دشمن آگے نہیں بڑھ پاتا اور ملک کے تین کروڑ سے زائد عوام وطن پر جان نثار کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ذلت قبول کرنے والا ہی ظلم برداشت کرتا ہے: عزت و استقامت کے ساتھ زندگی گزاریں، آیت اللہ جوادی آملی
آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے امام خمینی (رہ) اور شہید عظیم الشان خامنہ ای (اعلیٰ اللہ مقامہما) کی بے مثال قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کی تمام تر عزت انہی کی قیادت کی مرہون منت ہے۔ عرب دنیا کے عظیم ہیرو شہید سید حسن نصراللہ کی دوسری برسی کے موقع پر انہوں نے فرمایا کہ اس عظیم مجاہد نے لبنان جیسے چھوٹے ملک کو عظمت کی بلندیوں تک پہنچایا اور آج ان کا پرافتخار پرچم شیخ نعیم قاسم کے ہاتھوں میں محفوظ ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ صیہونی دشمن سے امیدیں وابستہ کرنے والے جلد تاریخ کے صفحات میں دفن اور فراموش کر دیے جائیں گے، جبکہ شہید حسن نصراللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین جیسے مجاہدین ہمیشہ روشن ستاروں کی مانند چمکتے رہیں گے۔







