شہدائے ڈیرہ اسماعیل خان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، علامہ ساجد علی نقوی
علامہ ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ عوام کے بنیادی حقوق کے حصول اور ان کے تحفظ کے لیے روزِ اول سے ہماری مسلسل جدوجہد جاری ہے۔ یہ وہ حقوق ہیں جن کی ضمانت قیامِ پاکستان کے وقت ریاست کی جانب سے دی گئی تھی۔ انہوں نے 30 ستمبر 1988ء کو ڈیرہ اسماعیل خان میں عاشورہ کے موقع پر شہید ہونے والے عزاداروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء نے اپنے بنیادی حقوق کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی سلامتی کو خطرہ ہوا تو خطے کا کوئی بنیادی ڈھانچہ محفوظ نہیں رہے گا، محمد باقر قالیباف
علامہ ساجد علی نقوی نے واضح کیا کہ ان شہداء کی لہو رنگ قربانی نے بنیادی حقوق کے حصول کی تحریک اور جدوجہد کو مزید تیز تر کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے ملک میں اتحاد و وحدت کے فروغ اور مختلف فورمز کی تشکیل کے حوالے سے اپنی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مختلف حوالوں سے اساسی کردار ادا کرنے میں ہماری جدوجہد سے ہرگز انکار ممکن نہیں۔
قائد ملت جعفریہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام تر مشکلات اور نامساعد حالات کے باوجود عوام کے بنیادی حقوق کے حصول اور تحفظ کے لیے ہماری یہ جدوجہد بدستور جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن شہداء نے اس عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کی بے مثال قربانیاں پیش کیں، ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جا سکتیں۔ شہداء کا پاکیزہ خون اس جدوجہد کے لیے عزم، استقامت اور حوصلے کا دائمی ذریعہ ہے۔ آخر میں انہوں نے شہدائے ڈیرہ اسماعیل خان کے سوگوار خانوادوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر و اجر کی خصوصی دعا کی۔







