حکومت سیاسی انتقام چھوڑ کر تکفیری دہشت گردی کے خاتمے پر توجہ دے، آیت اللہ حافظ ریاض نجفی
شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں 14 افراد کی شہادت اور ڈیرہ بگٹی میں یونین کونسل کے چیئرمین کی رہائش گاہ پر دہشت گردوں کے مبینہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں اپنے سیاسی تعصبات اور انتقام کو ترک کر کے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کی جانب اپنی توجہ مرکوز کریں۔
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے افسوس کا اظہار کیا کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کی عوام، ملک کے امن و امان اور پٹرولیم مصنوعات کی ہوشربا قیمتوں میں اضافے پر کوئی توجہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ ریاست کی بنیادی اور اولین ذمہ داری امن و امان کا قیام اور عوام کی ضروریات کو پورا کرنا ہے، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات محض اپنے سیاسی مخالفین کو نیچا دکھانا اور اپنی جھوٹی قوت کی دھاک بٹھانا رہ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ عالمی طاقتوں کی لونڈی، او آئی سی اور مسلم حکمران غزہ پر مجرمانہ غفلت ترک کریں، علامہ سید جواد نقوی
انہوں نے واضح کیا کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور عوام کا سکون حکمرانوں کی ترجیحات میں سرے سے شامل ہی نہیں۔ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ پاکستان ایک طویل عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہے، لہٰذا پالیسی سازوں کو اپنے طرزِ عمل پر سنجیدگی سے نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ آئے روز کا دنگا فساد اور ملک دشمن کارروائیاں اب ناقابل برداشت ہو چکی ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ فتنہ ہندوستان اور فتنہ الخوارج (تکفیری دہشت گرد) جہاں ملکی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں، وہیں عام شہریوں کی زندگیاں بھی ان سے بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے ان تکفیری دہشت گردوں کو لگام دینے اور ان کے مکمل خاتمے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔







