اقوام متحدہ عالمی طاقتوں کی لونڈی، او آئی سی اور مسلم حکمران غزہ پر مجرمانہ غفلت ترک کریں، علامہ سید جواد نقوی

28 ستمبر, 2026 14:30

شیعیت نیوز : تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے واضح کیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی موجودہ ساخت میں مکمل طور پر ناکارہ ہو چکا ہے اور محض عالمی استکباری طاقتوں کے مفادات کا محافظ بن کر رہ گیا ہے۔ اپنے ایک اہم خطاب میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چند استعماری طاقتوں کے ویٹو اختیار نے پورے عالمی نظام کو ان کے مذموم مفادات کا تابع بنا دیا ہے۔ فلسطین اور غزہ میں جاری غاصب صیہونیوں کی بربریت پر اس نام نہاد عالمی ادارے کی مجرمانہ خاموشی اس کی ناکامی کی واضح ترین مثال ہے۔

علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ او آئی سی (OIC) بھی فلسطین و غزہ کے مظلوموں کے دفاع میں اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔ مسلم ممالک کے پاس بے پناہ اجتماعی قوت موجود ہے، لیکن بے حس مسلم حکمران عملی اقدامات کرنے کے بجائے محض بے سود اجلاسوں اور کھوکھلے بیانات تک محدود ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اقوام متحدہ کے عالمی فورم پر کھڑے ہو کر اسلامی جمہوریہ ایران کو تباہ کرنے کی دھمکیاں دینا استکباری طاقتوں کے عالمی امن کے جھوٹے دعووں کی حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام علم و آگہی کا دین ہے، کائنات میں غور و فکر کی دعوت دیتا ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کوئی بھی نئی جنگ پورے خطے کو ایک تباہ کن اور ہولناک جنگ میں دھکیل دے گی۔ علامہ جواد نقوی نے زور دیا کہ پاکستان کو کسی بیرونی استکباری طاقت کی جنگ کا ایندھن یا فریق ہرگز نہیں بننا چاہیے، بلکہ مشرقِ وسطیٰ میں لگی آگ کو بھڑکانے کے بجائے اسے بجھانے کے لیے اپنا فعال اور آزادانہ سفارتی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مسلم ممالک کے حکمرانوں پر واضح کیا کہ اب محض مذمتی بیانات اور تقریروں کا وقت گزر چکا ہے، مظلومینِ فلسطین کی حمایت کے لیے اب عملی اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

3:24 شام ستمبر 28, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔