اقوام متحدہ محض ایک ڈرامہ ہے، ایرانی صدر نے ڈٹ کر مکتبِ اہل بیتؑ کی نمائندگی کی، علامہ شبیر میثمی
علامہ شبیر حسن میثمی
شیعیت نیوز : مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ ڈیفنس کراچی کے خطیب جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے خطبے میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ ایک اکھاڑا ہے جس میں سوائے ڈرامے کے کچھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے جرات مندانہ خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ علیؑ کے چاہنے والے کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکتے۔ صدر پزشکیان نے سادگی کے باوجود ملکی اور مکتبی شان و شوکت کے ساتھ ڈٹ کر اپنا مؤقف پیش کیا، جس کی ہیبت پر امریکی میڈیا بھی حیران رہ گیا۔
انہوں نے بے حس مسلم حکمرانوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں مسلمانوں کو ٹارگٹ کر کے ’گریٹر اسرائیل‘ کا ناپاک خواب دیکھا جا رہا ہے، جبکہ نام نہاد اور نالائق مسلم حکمران محض تماشا دیکھ رہے ہیں۔ اس کے برعکس، سلام ہے ان نہتے مجاہدین پر جو سوکھی روٹی کھا کر، بغیر جوتوں کے، محض اپنے خنجر اور کلاشنکوف کے ساتھ طاغوت کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے 40 ٹریلین ڈالر کے مقروض امریکہ کی کھوکھلی اور آمرانہ جمہوریت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں سیاسی محاذ آرائی: تصادم کے بجائے مذاکرات اور کُل جماعتی کانفرنس کی ضرورت، علامہ عارف واحدی
قومی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ شبیر میثمی نے کہا کہ پاکستان مزید کسی سیاسی کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اسلام آباد کے حالات پر فریقین کو افہام و تفہیم اور صلح کی راہ اختیار کرنی چاہیے۔ انہوں نے ہوشربا مہنگائی اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملکی استحکام کے لیے وحدت پر زور دیا۔ علاوہ ازیں، انہوں نے مصنوعی ذہانت (AI) اور الیکٹرک گاڑیوں جیسی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں محتاط رہنے اور جلد بازی سے گریز کی بھی تلقین کی۔
روحانی اور اخلاقی حوالے سے انہوں نے مؤمنین کو نفس کے محاسبے اور اللہ سے تعلق مضبوط رکھنے کی تاکید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گناہ سرزد ہونے پر فوری استغفار کرنا چاہیے اور مسلسل ملنے والی نعمتوں کو لازماً اللہ کی رضا نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ یہ ‘استدراج’ بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے دعائے کمیل، دعائے ندبہ اور مناجاتِ خمس عشر کے ذریعے اہل بیتؑ سے روحانی تعلق قائم رکھنے اور روزمرہ معاملات میں دوسروں پر تبصرہ کرتے وقت انتہائی احتیاط برتنے پر زور دیا۔







