ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
شیعیت نیوز : وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا اور ایران کے درمیان دیرپا امن کے قیام کے لیے امید کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی میں کمی اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مخلصانہ ثالثی کی کوششیں جاری رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق، ایرانی قیادت کے ساتھ ہونے والی ایک اہم ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات سمیت خطے میں پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے جبکہ ایرانی وفد کی جانب سے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ محض ایک ڈرامہ ہے، ایرانی صدر نے ڈٹ کر مکتبِ اہل بیتؑ کی نمائندگی کی، علامہ شبیر میثمی
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایران، اس کے ہمسایہ ممالک اور امریکا کے درمیان پاکستان ایک دیانت دار اور مخلص ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد کی ہر ممکن کوشش ہے کہ کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جائے، پاکستان کی پوری توجہ اس حساس معاملے پر مرکوز ہے اور اس حوالے سے امن کی امید کا دامن ہرگز نہیں چھوڑا جائے گا۔







