شہید سید حسن نصراللہ حریت پسندوں کے لیے مزاحمت کی علامت ہیں، مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں ایران ترقی کرے گا: شیخ نعیم قاسم
شیخ نعیم قاسم
شیعیت نیوز : حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین شیخ نعیم قاسم نے ضاحیہ بیروت میں شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کی دوسری برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید نصر اللہ حریت پسندوں کے لیے مزاحمت کی علامت بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا جسم ہم سے جدا ضرور ہوا ہے مگر ان کے افکار آج بھی ہمارے لیے عزم و حوصلے کا سرچشمہ ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہم امام خمینیؒ، رہبرِ انقلاب اسلامی اور امام موسیٰ صدر کے ولایت و جہاد کے راستے پر گامزن رہتے ہوئے مسئلہ فلسطین کو ہمیشہ اپنی جدوجہد کا محور رکھیں گے۔
شیخ نعیم قاسم نے شہید سید ہاشم صفی الدین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی زندگی کو جہاد اور حزب اللہ کی خدمت سے عبارت قرار دیا۔ انہوں نے پیجر حملوں میں زخمی ہونے والوں کو ’’شہدائے زندہ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ کمانڈروں کی شہادت سے مزاحمت کا سفر نہیں رکتا بلکہ نئے قائدین اسی عہد کو آگے بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مزاحمت کا مقصد لبنان سے غاصب اسرائیلی قبضہ ختم کرنا ہے اور مزاحمت نے ہی دشمن کی جارحیت اور مقبوضہ علاقوں میں نئی بستیوں کے قیام کی راہ روکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی رجیم اور متحدہ عرب امارات کی ایران کیخلاف جھوٹ کی فیکٹریاں، امریکی و اسرائیلی جنگ کی تیاریاں
حزب اللہ کے سربراہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لبنانی سرزمین سے دستبرداری کسی صورت قبول نہیں، ملک کی خودمختاری و سالمیت کا تحفظ ہر حال میں کیا جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے جنگ سے متاثرہ افراد کی مدد کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حزب اللہ بھی جلد آبادکاری اور تعمیرِ نو کے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کرے گی۔ مہنگائی اور معاشی بحران کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ہتھیاروں کے مسئلے پر بات چیت کے لیے حزب اللہ تیار ہے لیکن اس کی شرط جنوبی لبنان کی مکمل آزادی اور بے گھر افراد کی اپنے گھروں کو واپسی ہے۔
عالمی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات نے بین الاقوامی قانون کی کمزوری اور امریکی غلبے کی کوششوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اپنے خطاب کے آخر میں شیخ نعیم قاسم نے ایرانی عوام، سپاہ پاسداران اور سکیورٹی فورسز کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی بابصیرت قیادت میں اپنی ترقی اور پیش رفت کا سفر پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گا۔







