امریکہ ایران سے مذاکرات کے لیے ہر طریقہ استعمال کر رہا ہے، ایرانی نائب صدر
شیعیت نیوز : ایران کے سینئیر نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ امریکہ ایران سے مذاکرات کے لیے ہر ذریعہ اور طریقہ استعمال کر رہا ہے، حتیٰ کہ اس کا صدر ایک افریقی ملک کے پانچویں درجے کے عہدیدار سے براہ راست رابطہ کرکے اسے ثالث بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ مذاکرات کے لیے امریکی بے تابی ایران کی عظمت اور اقتدار کی علامت ہے۔ انہوں نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر طلبہ اور تعلیمی عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے ملکی کامیابیوں کو تعلیم و تربیت کا مرہون منت قرار دیا۔
محمد رضا عارف نے کہا کہ گزشتہ سال دو جنگوں اور ایک نیم فوجی بغاوت کے باوجود تعلیم، ترقی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں حکومت کی کارکردگی غیر معمولی رہی۔ صدر مسعود پزشکیان کے دورہ نیویارک کی اہمیت بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر جنرل اسمبلی میں بھرپور تیاری کے ساتھ ایران کا مضبوط مؤقف اور ترقی کا ثبوت پیش کریں گے اور دشمن کی ظالمانہ پابندیوں کا بھرپور جواب دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ شبیری زنجانی کا ارتحال عظیم علمی و دینی خسارہ ہے، مجتمع علماء و خطباء ممبئی
ایرانی نائب صدر نے عالمی اداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان اداروں سے زیادہ امید نہیں رکھی جا سکتی کیونکہ یہ عالمی طاقتوں کے زیر اثر اور دوہرے معیار کے حامل ہیں۔ لاکھوں مسلمانوں کی شہادت پر خاموش رہنے والے یہ ادارے کسی مغربی انسان کی معمولی بے حرمتی پر انسانی حقوق کے نعرے لگاتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے زور دیا کہ دنیا میں اب بھی آزاد لوگ موجود ہیں اور ایران ان تک اپنی پانچ دہائیوں پر محیط مزاحمت و اقتدار کا پیغام ضرور پہنچائے گا۔







