شہداء ظلمت و تاریکی میں نور کی شمع بن کر رہنمائی کر رہے ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے قم المقدسہ میں صاحب الامر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مجلسِ عزا کے دوران طلاب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی مثال اس شمع کی مانند ہے جو خود جل کر محفلِ انسانیت کو منور کرتی ہے۔ ظلمت و تاریکی کے اس دور میں شہداء نور کی شمع بن کر ہماری رہنمائی کر رہے ہیں۔ شہداء کی قربانیاں محض تاریخ کا ایک باب نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایمان، حریت، مزاحمت اور استقامت کا روشن درس ہیں۔
انہوں نے چھلگری ضلع بولان کے نو محرم 2015ء کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم شہداء نے حق و حسینیت کی راہ میں اپنے لہو کا نذرانہ پیش کر کے وفاداری اور شجاعت کی تاریخ رقم کی۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ آج کے دور میں حوزہ ہائے علمیہ اور مدارسِ دینیہ حق و باطل کی معرکہ آرائی میں اہلِ حق کی فکری و دینی رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ حوزہ علمیہ نے امام خمینی، شہید علامہ عارف حسین الحسینی، شہید محمد باقر الصدر، شہید باقر النمر، شہید سید حسن نصراللہ اور رہبر شہید جیسی عظیم شخصیات کی تربیت کی جنہوں نے دنیا پر ثابت کیا کہ ایمان اور بصیرت سے جڑا علم ظلم کے مقابلے میں ناقابلِ شکست قوت بن جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ شبیری زنجانیؒ کی نماز جنازہ آیت اللہ سبحانی کی اقتداء میں ادا، حرمِ معصومہؑ میں سپردِ خاک
انہوں نے یمن کے مسلمانوں کی استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام نے مشکل ترین حالات اور محدود وسائل کے باوجود اپنی خودمختاری اور اصولی مؤقف کا دفاع کر کے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے متنبہ کیا کہ امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادی آج بھی فرقہ وارانہ نفرتوں کو ہوا دے کر امتِ مسلمہ کو باہم دست و گریباں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہمیں دشمن کی ان سازشوں کو سمجھتے ہوئے اتحاد، بصیرت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہداء کا پیغام کسی ایک علاقے یا مسلک تک محدود نہیں بلکہ یہ مظلوم کی حمایت اور انسانی آزادی کا آفاقی پیغام ہے۔ ہم شہداء کے وارث ہیں اور ان کے مشن کو عملی زندگی میں جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں، علامہ مقصود علی ڈومکی نے قم المقدسہ میں فاطمیہ فاؤنڈیشن سے وابستہ علمائے کرام، جن میں مولانا سید یاسین شاہ نقوی، مولانا محمد ایوب کھوسہ، مولانا آفتاب علی اتحادی اور دیگر طلباء شامل تھے، سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔







