اقوام متحدہ میں ایرانی عوام کے حقوق اور میناب اسکول کے شہداء کی حقانیت کا دفاع کریں گے، ایرانی وزیر خارجہ

22 ستمبر, 2026 08:58

شیعیت نیوز : ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے نیویارک پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف مسلط کی گئی جنگ کے دوران ہو رہا ہے، اور ملک بدستور جنگی حالت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں ایران کا سب سے اہم مقصد ایک بڑے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر ایرانی عوام کے حقوق، مفادات اور حقانیت کا بھرپور دفاع کرنا ہے۔

عراقچی نے کہا کہ اقوام متحدہ دنیا کا سب سے بڑا بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے جہاں سے ہم اپنا مؤقف دنیا تک پہنچا سکتے ہیں۔ اس سال یہ پلیٹ فارم ایرانی عوام اور خاص طور پر میناب اسکول کے شہدا کے حالات بیان کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر مسعود پزشکیان جنرل اسمبلی سے خطاب کے علاوہ مختلف عالمی رہنماؤں، دانشوروں اور میڈیا نمائندوں سے دوطرفہ ملاقاتیں اور انٹرویوز کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ اجلاس: ایرانی میڈیا ٹیم کو ویزے جاری نہ کرنے پر اسماعیل بقائی کا سخت ردعمل

ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نعرے ’’اقوام متحدہ پر اعتماد کی بحالی‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مغربی اور یورپی ممالک خود کو انسانی حقوق کا علمبردار کہتے ہیں لیکن انہوں نے اسرائیل کو کارروائیاں کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ فلسطین، غزہ، لبنان اور ایران (میناب کے 168 بچوں کی شہادت) میں ہونے والے مظالم پر ان کی مجرمانہ خاموشی کے باعث عالمی ادارے پر اعتماد ختم ہو چکا ہے، اور نیویارک اجلاس اس بات پر گفتگو کا موقع فراہم کرتا ہے کہ اس اعتماد کو دوبارہ کیسے بحال کیا جائے۔

عراقچی نے مزید کہا کہ نیویارک میں صدر پزشکیان اور ایرانی وفد ماحولیاتی مسائل کے سربراہ اجلاس کے ساتھ ساتھ اسلامی تعاون تنظیم اور عدم وابستہ تحریک کے اجلاسوں میں بھی شرکت کرے گا۔ اس چار سے پانچ روزہ دورے میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں قومی مفادات کے دفاع اور تعلقات کے جائزے کا ایک بہترین موقع ہوں گی۔

9:46 صبح ستمبر 22, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔