اقوامِ متحدہ کا اجلاس ‘اعتماد’ کے عنوان سے ہو رہا ہے مگر دنیا میں اس کا فقدان ہے، ایرانی صدر
مسعود پزشکیان
شیعیت نیوز : مہرآباد ہوائی اڈے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر پزشکیان نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کا موجودہ اجلاس ’’اعتماد‘‘ کے عنوان سے منعقد ہو رہا ہے، تاہم دنیا میں اعتماد کا فقدان نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ممالک انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی بات تو کرتے ہیں، لیکن عملی طور پر انہی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور طاقت کے بل پر اپنے مؤقف کو مسلط کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ جنرل اسمبلی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ایران اپنے قومی مفادات اور عوام کے حقوق کے دفاع کے لیے پُراعتماد انداز میں اپنا مؤقف عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ تک پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی عوام اور مسلح افواج نے حالیہ مشکلات اور چیلنجز کے باوجود ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے اور ایران ان حالات سے سربلند ہو کر نکلا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ شبیری زنجانی کا انتقال حوزات علمیہ اور عالم تشیع کے لیے عظیم سانحہ ہے، علامہ ساجد نقوی
صدر پزشکیان نے امریکہ کے ساتھ ماضی کے مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران متعدد بار مذاکرات میں شریک ہوا اور مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کیے، لیکن ان معاہدوں کی پاسداری نہیں کی گئی۔ انہوں نے فلسطین سمیت مختلف خطوں کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے زور دیا کہ اگر دنیا میں امن اور استحکام کو فروغ دینا ہے تو تمام اقوام کے حقوق کا احترام ضروری ہے؛ دنیا کو زمینی حقائق پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ عملی صورت حال خود بہت سے حقائق کو واضح کر دیتی ہے۔







