مکہ مکرمہ پر حملے کا دعویٰ سراسر جھوٹ، سعودی رجیم اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈال رہی ہے، انصار اللہ

16 ستمبر, 2026 10:08

شیعیت نیوز : انصار اللہ یمن کے سیاسی دفتر کے رکن محمد الفرح نے یمنی فوج کی جانب سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کے دعووں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ان افواہوں کو بے بنیاد اور سراسر جھوٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یمنی عوام اسلامی مقدسات کے تحفظ کے حوالے سے کسی بھی دوسرے فریق سے زیادہ حساس اور غیرت مند ہیں۔

محمد الفرح نے کہا کہ ریاض اپنی داخلی ناکامیوں اور بحرانوں سے توجہ ہٹانے کے لیے جھوٹے بہانوں کا سہارا لے رہا ہے تاکہ عالمی برادری اور بالخصوص مسلمانوں کی ہمدردی اور حمایت حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے سعودی عرب کی موجودہ صورتحال کو ایک حقیقی بحران قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشیدگی پیدا کر کے سعودی حکومت اپنے ساختی مسائل پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی حملوں میں امریکی فوجی اڈوں کو بھاری نقصان، سی بی ایس نیوز نے تباہی کی خفیہ تصاویر جاری کر دیں

انصار اللہ کے رہنما نے بحران کے خاتمے کا واحد راستہ جارحیت روکنے، محاصرہ ختم کرنے، یمن سے مکمل انخلاء اور برسوں کی مسلط کردہ جنگ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ پالیسی کو جاری رکھنا اور بیرونی حمایت طلب کرنا بے سود ثابت ہوگا اور جو بھی کشیدگی بڑھائے گا، اس کے نتائج کا خود ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ رویہ سعودی عرب کی قومی سلامتی، اہم بنیادی ڈھانچے اور تیل کی تنصیبات کے ساتھ ایک خطرناک مہم جوئی کے مترادف ہے۔

دوسری جانب انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے ایک اور اہم رکن حزام الاسد نے بھی مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کے سعودی دعووں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک پرانا اور گھسا پٹا جھوٹ ہے جسے سعودی عرب اپنے مذموم مقاصد کے لیے اس سے پہلے بھی استعمال کر چکا ہے۔

11:13 صبح ستمبر 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔