امریکہ فوجی کشیدگی کو داخلی فتنوں میں بدلنا چاہتا ہے، دشمن کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے، آیت اللہ علم الہدیٰ
شیعیت نیوز : ایران کے شہر مشہد مقدس کے امام جمعہ آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ نے حرم مطہر رضوی کے رواق امام خمینی میں نماز جمعہ کے خطبے کے دوران کہا ہے کہ دشمن کے مقابلے میں ملک کی موجودہ صورتحال ایک انتہائی حساس اور اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام ایک دن کے لیے بھی جنگ کے خواہاں نہیں ہیں کیونکہ ہم نے جنگ شروع نہیں کی، لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ دشمن ہم پر جارحیت کرے اور ہم اپنا سب کچھ اس کے حوالے کر کے میدان چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ آج امریکہ کی صورتحال یہ ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش اور عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے خود امریکہ اور دنیا بھر میں احتجاجات بڑھ رہے ہیں۔ آیت اللہ علم الہدیٰ کے مطابق امریکہ آئندہ انتخابات، تیل کی بڑھتی قیمتوں اور اقتصادی دباؤ کے پیش نظر اپنی خفت مٹانے کے لیے فوجی کشیدگی کو ایران کے داخلی انتشار اور فتنوں میں تبدیل کرنے کی سازش کر رہا ہے تاکہ بظاہر فوجی کشیدگی کی صورتحال باقی نہ رہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈپٹی کمشنر سکردو کا دارالشفاء حضرت عباس علمدار کا دورہ، جدید لیبارٹری کا افتتاح
نمائندہ ولی فقیہ نے متنبہ کیا کہ امریکہ کا اصل منصوبہ یہ ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی کے دوران خود کو فاتح اور ایرانی قوم کو جنگ سے تھکا ہوا اور شکست خوردہ ظاہر کرے۔ تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ حضرت امام زمانہ (عج) کی خاص عنایات ایرانی قوم کے شاملِ حال ہیں، اور اللہ تعالیٰ کی لامحدود قدرت کے سائے میں ہم ان تمام مشکلات کو حل کرتے ہوئے دشمن پر حتمی فتح حاصل کریں گے۔







