کابل میں جامعہ خاتم النبیین پر طالبان کا دھاوا، حجت الاسلام بشارت حسین زاہدی کی شدید مذمت

11 ستمبر, 2026 09:35

شیعیت نیوز : مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان، شعبہ قم حجت الاسلام بشارت حسین زاہدی نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں معروف تعلیمی و مذہبی مرکز جامعہ خاتم النبیین پر طالبان حکام کے دھاوے، مدرسین کی گرفتاریوں اور بلاجواز تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ ایسے وقت میں جب افغانستان کو تمام مکاتب فکر کے درمیان اتحاد اور رواداری کی سخت ضرورت ہے، ایک علمی اور مذہبی ادارے کا تقدس پامال کرنا اور افراد کو ہراساں کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کے مطابق یہ بلاجواز تشدد اور گرفتاریاں افغان عوام کی مذہبی آزادیاں سلب کرنے کے مترادف ہیں، جس سے خطے میں مزید ناامنی اور بے چینی پھیلے گی۔

یہ بھی پڑھیں : کابل میں خاتم النبیین کمپلیکس پر قبضہ اور علماء کی گرفتاری تعلیم و دین دشمنی ہے، علامہ عارف واحدی

حجت الاسلام بشارت زاہدی نے اقوام متحدہ اور ہیومن رائٹس کمیشن سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اس سنگین ناانصافی کا فوری نوٹس لینے، تحقیقات کرانے اور بے گناہ افراد کی غیر مشروط رہائی یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے افغان حکومت کو متنبہ کیا کہ جبر اور مذہبی مراکز کی پامالی سے کوئی ریاست قائم نہیں رہ سکتی، لہٰذا حکام متعصبانہ اقدامات سے گریز کرتے ہوئے تمام شہریوں کے قانونی حقوق اور علم و ہدایت کے مراکز کا احترام بحال کریں۔

9:59 صبح ستمبر 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔