آیت اللہ علی رضا اعرافی کی اربعین کے موقع پر پیدل سفر میں شرکت
شیعیت نیوز : حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے اربعین حسینی کے موقع پر مختصر مگر اہم دورے کے دوران حضرت امام حسینؑ کے زائرین کے ہمراہ پیدل سفر میں شرکت کی اور راستے میں متعدد ایرانی اور عراقی مواکب کا دورہ کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
آیت اللہ اعرافی نے اس موقع پر عراق کی عوام کی تاریخی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عراقی قوم نے اربعین کے عظیم اجتماع کو کامیاب بنانے میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بالخصوص عراقی قبائل اور عشائر کی مہمان نوازی، ایثار اور سخاوت کی تعریف کی اور زائرین کی خدمت کو قابلِ قدر قرار دیا۔
انہوں نے اربعین کے انتظامات میں مرجعیت اعلیٰ عراق، حوزۂ علمیہ نجف کے علماء، مبلغین اور حکومتی ذمہ داران کی رہنمائی اور کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مشترکہ کوششوں نے دنیا کے سب سے بڑے روحانی اجتماع کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : رہبر شہید کی قربانی نے عالمِ اسلام میں نئی روح اور تجدیدِ اسلام کی ایک نئی لہر پیدا کی، علامہ شہنشاہ حسین نقوی
رپورٹ کے مطابق آیت اللہ اعرافی اپنے اس دورے کے دوران نجف اشرف میں مراجع عظام اور مختلف مذہبی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وہ عراقی قبائل کے عمائدین، شیوخ، مداحوں اور شعراء کی خدمات کے اعتراف میں منعقد ہونے والی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ آیت اللہ اعرافی کربلائے معلیٰ میں منعقد ہونے والی "نداء الاقصیٰ” کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جہاں وہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، فلسطین کی حمایت اور اربعین حسینی کے عالمی پیغام پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔







