آیت اللہ خامنہ ای سادگی اور روحانی قیادت کا نمونہ تھے، ہندو اسکالر پنڈت وجے کمار شرما
پنڈت وجے کمار شرما
شیعیت نیوز : ہندوستان کے معروف ہندو مذہبی اسکالر، سماجی کارکن اور فلسطینی عوام کے حامی پنڈت وجے کمار شرما نے آیت اللہ خامنہ ای کی تاریخی تشییع جنازہ میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہندوستانی شہری اور ہندو مذہب کے پیروکار کی حیثیت سے ان کا یقین ہے کہ تمام اقوام کو باہمی احترام، انصاف اور انسانی وقار کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ بڑی طاقتوں کو دوسرے ممالک کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق نہیں اور نہ ہی کوئی ملک طاقت یا دباؤ کے ذریعے اپنی مرضی دوسروں پر تھوپ سکتا ہے۔
پنڈت وجے کمار شرما نے آیت اللہ خامنہ ای کی شخصیت کو سادہ طرزِ زندگی اور روحانی قیادت کا نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام میں سے اٹھنے والے ایسے رہنما تھے جنہوں نے ہمیشہ محروم طبقات کی حمایت اور اپنے ملک کی خودمختاری کے تحفظ پر زور دیا۔ ان کی سادگی اور عام لوگوں سے قربت ایسی خصوصیات ہیں جنہیں دنیا بھر کے لوگ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے مسئلہ فلسطین اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا فلسطینی عوام کی تکالیف کے بارے میں سنجیدہ سوالات اٹھا رہی ہے۔ ان کے بقول واقعۂ کربلا اور حضرت امام حسین علیہ السلام کی استقامت ہر مذہب کے انصاف پسند انسان کے لیے ظلم کے خلاف مزاحمت اور ناانصافی کے سامنے نہ جھکنے کی علامت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تکفیری قوتوں نے ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے، علامہ اشفاق وحیدی
ہندو مذہبی رہنما نے ایران کے خلاف جنگوں اور بیرونی مداخلتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عام شہری، بچے اور بزرگ جنگ نہیں بلکہ امن اور سکون چاہتے ہیں۔ گزشتہ برسوں کے تجربات نے ثابت کیا ہے کہ سیاسی تنازعات اور طاقت کی ہوس نے کئی ممالک کو تباہ اور لاکھوں انسانوں کو بے گھر کیا ہے، اس لیے عالمی برادری کو کشیدگی بڑھانے کے بجائے مکالمے اور امن کو فروغ دینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر دنیا کی تمام بڑی طاقتیں بھی ایک طرف کھڑی ہوں، تب بھی غیرقانونی اور غیرمنصفانہ اقدامات پر خاموشی اختیار نہیں کی جانی چاہیے۔ اخلاقی اور انسانی اصولوں کو سیاسی مفادات کی نذر نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی سیاسی جماعت سے وابستہ نہیں بلکہ خالص انسانی اور اخلاقی نقطۂ نظر سے گفتگو کر رہے ہیں۔
پنڈت وجے کمار شرما نے آخر میں کہا کہ آج کا عالم پہلے سے کہیں زیادہ ایسے رہنماؤں کا محتاج ہے جو سادگی، اعلیٰ اخلاق اور عوام کی خدمت کو اپنی قیادت کی بنیاد بنائیں، اور آیت اللہ خامنہ ای اسی طرزِ قیادت کی نمایاں مثال تھے۔







