اگر ریاستیں ایک دوسرے کے اثاثے ضبط کرنا معمول بنا لیں تو دنیا میں کوئی اثاثہ محفوظ نہیں رہے گا، ایرانی وزیر خارجہ
شیعیت نیوز : ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے اثاثے ضبط کرنے سے متعلق بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ملک کے اثاثوں کو مستقبل کے ممکنہ اور غیر متعلقہ دعووں کی ادائیگی کے لیے ضبط کرنا ایک خطرناک اور اشتعال انگیز اقدام ہے، جو بین الاقوامی نظام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی طاقت نے امریکہ کو مجبور کر دیا: امریکہ تین دہائیوں بعد پرانے پیٹریاٹ میزائل خریدنے پر مجبور
تفصیلات کے مطابق سید عباس عراقچی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ جو عناصر اس قسم کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں یا ان سے فائدہ اٹھانے کی امید رکھتے ہیں، انہیں یہ حقیقت پیش نظر رکھنی چاہیے کہ اگر ریاستیں ایک دوسرے کے اثاثے ضبط کرنے کو معمول بنا لیں تو پھر دنیا میں کسی بھی ملک کے اثاثے محفوظ نہیں رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی روش بین الاقوامی قوانین اور ریاستوں کے باہمی اعتماد کو نقصان پہنچاتی ہے، جبکہ اس سے پیدا ہونے والا انتشار اور عدم استحکام نہ صرف ناگوار ہوگا بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ آئندہ اگر جہازوں یا ان کے سامان کو کوئی نقصان پہنچتا ہے تو اس کا معاوضہ امریکہ میں موجود ایران کے اثاثوں سے ادا کیا جائے گا، جس پر ایران نے شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔







