دہشتگرد امریکا صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے، ابراہیم عزیزی
شیعیت نیوز : ایران کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے پارلیمانی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا ہے کہ امریکا صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے اور اس نے اپنی استکباری طینت دکھاتے ہوئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا اعتبار ختم کر دیا ہے۔
تہران سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ابراہیم عزیزی نے میڈیا سے بات چیت میں امریکا کی جانب سے مسلسل عہد شکنی کے بارے میں کہا کہ امریکی صدر کے دستخط کی کوئی اہمیت اور اعتبار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسا کہ ہمارے عزیز و دانا رہبر نے اشارہ فرمایا ہے، امریکیوں نے اپنی عہد شکنی سے اپنی استکباری طینت دکھا دی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا اعتبار ختم کر دیا۔
ایران کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے پارلیمانی کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ امریکیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ صرف طاقت کی زبان سمجھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دشمن نے جارحیت جاری رکھی تو جوابی حملے نئے مرحلے میں داخل ہوں گے، ایرانی جنرل
انہوں نے کہا کہ امریکیوں نے ہمیشہ اپنے اقدامات سے دنیا والوں کو بتایا ہے کہ جو ملک بھی امریکا کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اختیار کرے گا، اسے امریکیوں کی عہد شکنی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بنابریں ایران کے بہادر اور دلیر عوام کی طرح ان کے استکباری اقدامات کا مقابلہ کر کے انہیں ان کی اوقات بتائی جا سکتی ہے۔
ابراہیم عزیزی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے پائیدار، دلیر، بلند حوصلوں کے مالک اور اپنے حکیم و دانا اور طاقتور سپریم لیڈر کی پیروی پر متحد عوام کے ساتھ امریکی استکبار کے مقابلے میں ڈٹا ہوا ہے اور نصرت و فضل الٰہی سے امریکیوں کو دھول چٹائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی جان لیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے اصول، انقلابی اقدار اور امامین انقلاب کی تعلیمات پر استوار ہے اور یقیناً اس کے دشمنوں کا انجام بہت دردناک ہوگا۔







