اردن کی قومی شخصیات کا امریکی فوج کے خلاف مشترکہ مطالبہ
اردن
شیعیت نیوز : اردن کی درجنوں قومی، سیاسی، ثقافتی اور قبائلی شخصیات نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ سیکیورٹی و عسکری معاہدہ منسوخ کیا جائے، غیر ملکی افواج کو ملک سے نکالا جائے اور اردن کی غیر جانبداری کو یقینی بنایا جائے۔
المیادین کی رپورٹ کے مطابق بیان پر دستخط کرنے والوں نے کہا کہ اردن کی سرزمین پر غیر ملکی افواج کی موجودگی ملک کو سیکیورٹی، سیاسی اور معاشی خطرات سے دوچار کر رہی ہے، جبکہ اس سے اردنی عوام کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔
بیان میں خبردار کیا گیا کہ غیر ملکی افواج کی موجودگی اردن کو علاقائی تنازعات میں گھسیٹے جانے کے امکانات بڑھا رہی ہے، حالانکہ یہ ملک ان تنازعات کا فریق نہیں ہے۔
اردنی شخصیات نے مطالبہ کیا کہ ملک کی اہم تنصیبات کو علاقائی جنگوں میں کسی بھی قسم کے فوجی استعمال سے محفوظ رکھا جائے اور انہیں جاری تنازعات سے متعلق عسکری کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : شہید رہبر کا جنازہ تاریخ کی سب سے بڑی آخری رسومات، 4 کروڑ شرکاء کے باوجود کوئی اموات نہیں
بیان میں مزید کہا گیا کہ اردن کو ایسی پالیسیوں کی قیمت نہیں چکانی چاہیے جو اس کے قومی مفاد کے مطابق نہیں، اور نہ ہی عوام کو ان کے نتائج برداشت کرنے چاہئیں۔
دستخط کنندگان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری اور عملی اقدامات کے ذریعے ملک کی غیر جانبداری برقرار رکھی جائے اور اردن کو امریکی پالیسیوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ممکنہ نتائج سے محفوظ رکھا جائے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حقیقی غیر جانبداری کا تقاضا ہے کہ اردن کسی بھی متحارب فریق کے حق میں فوجی یا لاجسٹک تعاون سے گریز کرے۔







