عام آدمی کی مشکلات دیکھتے ہوئے بجٹ بنایا جائے، چائلڈ لیبر کا خاتمہ ضروری ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے 12 جون کو چائلڈ لیبر ڈے اور بجٹ 2026-27 کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عام آدمی انتہائی مشکلات کا شکار ہے۔ بجٹ کو عام آدمی کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر میں مسلسل اضافے کی بنیادی وجہ استحصالی اور غیر منصفانہ معاشی نظام ہے۔ بچوں سے مشقت معاشرتی برائیوں میں سب سے برا عمل ہے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ آئے روز مہنگائی نے عام آدمی کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ پورا سال آنے والے منی بجٹ نے عوام کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس کے بلز، ادویات اور ضروری اشیائے خورونوش عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں غیر مجاز آئل ٹینکر کی نقل و حرکت روک دی
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اب تک جتنے بجٹ پیش ہوئے، وہ الفاظ کے گورکھ دھندوں سے زیادہ کچھ نہیں تھے۔ بجٹ کا نام سنتے ہی مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی پر سکتے کی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔
علامہ صاحب نے کہا کہ اسلام نے مرد، زن، بزرگوں کے ساتھ ساتھ بچوں کے حقوق پر بھی زور دیا ہے۔ مستقبل کے معماروں کے لیے قانون سازی کے ساتھ تعلیم و تربیت اور روشن مستقبل کے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 20 کروڑ سے زائد بچے جبری مشقت پر مجبور ہیں۔







