چکوال یونیورسٹی میں اسرائیلی پرچم کیس: قوم کے جذبات مجروح کرنے والوں کو سزا دی جائے، آئی ایس او کا مطالبہ
شیعیت نیوز : امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے ترجمان سید حمزہ سبزواری نے چکوال یونیورسٹی میں اسرائیلی پرچم لگانے کے شرمناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حرکت آئین پاکستان کی روح اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کے واضح فرمان کی صریح خلاف ورزی ہے۔ قائداعظم نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا اور پاکستان کا ریاستی موقف آج بھی وہی ہے۔
سید حمزہ سبزواری نے کہا کہ ایک غیور پاکستانی کی حیثیت سے ہم امریکی سرپرستی میں پلنے والے اس پرچم کو پاکستان کی سرزمین پر ہرگز قبول نہیں کرتے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن: عبدالملک الحوثی کا دشمن کی دراندازی پر شدید ردعمل
ترجمان آئی ایس او نے کہا کہ اسرائیل کا پرچم مظلوم فلسطینیوں کے خون سے رنگا ہوا ہے۔ اسے کسی بھی پاکستانی تعلیمی ادارے میں لہرانا پوری قوم کے جذبات مجروح کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس شرمناک واقعے پر فوری وضاحت پیش کرے اور ملوث تمام ذمہ داران کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بچہ بچہ فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم قائداعظم کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے پاکستان اور اس کے تعلیمی اداروں کو ملک دشمن نظریات کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے۔







