جیکب آباد میں یونیورسٹی کا قیام ناگزیر ہے، علامہ مقصود ڈومکی

20 اکتوبر, 2026 18:02

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے حکومت سے جیکب آباد میں یونیورسٹی کے قیام کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل بالخصوص طالبات کو مقامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جیکب آباد میں مختلف وفود سے ملاقاتوں اور 23 اکتوبر کو منعقد ہونے والی عظمتِ شہداء کانفرنس کی دعوتی مہم کے دوران کیا۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے تحصیل ٹھل کے گاؤں لیموں خان لاشاری میں آئی ایس او کے سابق ڈویژنل صدر فضل عباس لاشاری سے ملاقات کی اور انہیں عظمتِ شہداء کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ شبِ عاشور جیکب آباد کے شہداء کی قربانیاں ملتِ جعفریہ کی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہیں۔ دریں اثناء، تھہیم قبیلے کے رہنما سردار عبدالغفار خان تھہیم نے بھی ایک وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی، جس میں ایم ڈبلیو ایم عزاداری ونگ کے رہنما دیدار حسین تھہیم بھی موجود تھے۔ علامہ مقصود ڈومکی نے سردار عبدالغفار کو سیرتِ امام حسین علیہ السلام پر مبنی کتاب کا تحفہ پیش کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں حضرت فاطمہ زہراء (س) کی حیات طیبہ اور اسوۂ مقاومت پر پروقار علمی کانفرنس کا انعقاد

علاوہ ازیں، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے نومنتخب ریجنل صدر اظہار الحسن نے سیکرٹری ریجنل نظارت کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر سے ملاقات کی۔ علامہ مقصود ڈومکی نے نو منتخب صدر کو پھولوں کا ہار پہنا کر مبارکباد دی اور کہا کہ آئی ایس او نظامِ ولایت پر ایمان رکھنے والے انقلابی اور باشعور نوجوانوں کی جماعت ہے۔

تعلیمی پسماندگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے مزید کہا کہ قبائلی اور روایتی معاشرتی ماحول میں طالبات کا دور دراز شہروں کا سفر کرنا انتہائی مشکل ہے اور متوسط خاندانوں کے لیے سفری و رہائشی اخراجات بڑی رکاوٹ ہیں۔ حکومت جیکب آباد اور صوبے کے دیگر پسماندہ اضلاع میں فوری طور پر یونیورسٹیاں قائم کرے تاکہ نوجوانوں کا اعلیٰ تعلیم کا بنیادی حق یقینی بنایا جا سکے۔

7:16 شام اکتوبر 20, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔