اپوزیشن نے مذاکرات کا مکمل اختیار دے دیا، محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ذمہ دار
شیعیت نیوز : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اپوزیشن جماعتوں نے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو مذاکرات کا مکمل اختیار دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کی۔ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے قائدین حزب اختلاف کو مذاکرات کا مکمل اختیار دینے کی قرارداد منظور کر لی۔
قرارداد میں واضح کیا گیا کہ محمود خان اچکزئی جو بھی فیصلہ کریں گے، پارلیمانی پارٹی اسے قبول کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : یمن: عبدالملک الحوثی کا دشمن کی دراندازی پر شدید ردعمل
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم تحریک چلائیں گے، پرامن رہیں گے، کسی کو گالی نہیں دیں گے اور آئین کا دفاع کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے مشترکہ طور پر مائنس بانی پی ٹی آئی فارمولے کو مسترد کر دیا ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ مذاکرات کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اگر ملک کو چلانا ہے تو بات چیت ضروری ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں آنے کی اپیل کی۔







