خیبر پختونخوا: دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابی، 48 گھنٹوں میں 23 دہشت گرد ہلاک
شیعیت نیوز : خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف آپریشنز میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے مزید 23 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دتہ خیل، اسپین وام اور بنوں کے حساس علاقوں میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
آپریشنز کے دوران متعدد دہشت گرد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والوں میں مطلوب دہشت گرد کمانڈر جان میر عرف طور ثاقب بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کوٹ ادو میں شہداء مقاومت کی تکریم و تجدید عہد کانفرنس
ترجمان پاک فوج کے مطابق جان میر سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا اور اس کے سر کی قیمت بھی مقرر تھی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور تیار شدہ بم برآمد کیے گئے۔ کلیئرنس آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے خفیہ سرنگوں اور بنکروں کے پیچیدہ نیٹ ورک کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔
علاقے میں باقی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ وژن کے مطابق دہشت گردی کے خلاف مہم پوری قوت سے جاری رہے گی تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔







