کوٹ ادو میں شہداء مقاومت کی تکریم و تجدید عہد کانفرنس

22 مئی, 2026 10:02

شیعیت نیوز : بین الاقوامی ادارہ الباقر کے شعبہ تبلیغات کے تحت مجلس علماء امامیہ پاکستان نے 21 مئی 2026 بروز جمعرات کو کوٹ ادو میں “تکریم شہداء و تجدید عہد کانفرنس” منعقد کی۔

اس کانفرنس میں جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، وہاڑی، خانیوال، کوٹ ادو اور مظفر گڑھ سے آئمہ جمعہ، مبلغین اور علمائے کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس میں شہدائے مقاومت خصوصاً شہید امت حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، شہید سید حسن نصراللہ اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی دینی، فکری اور مزاحمتی خدمات کو سراہا گیا۔ مقررین نے ایران اور لبنان پر ہونے والی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ملت اسلامیہ کے خلاف حملہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر غلام عباس کا بڑا سیاسی فیصلہ: 60 سالہ پی پی پی رفاقت ختم، کاظم میثم کی حمایت کا اعلان

علامہ قاضی نادر حسین علوی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان جنوبی پنجاب کے صدر نے خطاب کرتے ہوئے امام سید علی خامنہ ای کی علمی، فکری اور انقلابی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام خامنہ ای نے امت مسلمہ میں وحدت، بیداری اور استقامت کی نئی روح پھونکی۔ انہوں نے آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے ساتھ تجدید عہد کیا اور 13 جون کو لاہور میں ہونے والی “شہید امت کانفرنس” میں بھرپور شرکت کا عزم ظاہر کیا۔

استاد العلماء علامہ ملک نصیر حسین نے شہید سید حسن نصراللہ کی قیادت اور لبنان میں بین المسالک ہم آہنگی کے کردار پر روشنی ڈالی۔ جبکہ علامہ ڈاکٹر سید جاوید حسین شیرازی نے امام خامنہ ای کی فکری، روحانی اور اسٹریٹجک خدمات پر تفصیلی گفتگو کی۔

علامہ ضیغم عباس نے علما کی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے عوامی شعور کو درست سمت دینے کی اہمیت بیان کی۔

کانفرنس کے اختتام پر شہدائے اسلام کے لیے دعا کی گئی اور ایران، لبنان اور فلسطین پر جاری جارحیت کی شدید مذمت کی گئی۔ شرکاء نے امت مسلمہ کے اتحاد اور مزاحمتی محاذ کی حمایت کا عزم کیا اور 13 جون کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے والی شہید امت کانفرنس میں بھرپور شرکت کا اعادہ کیا۔

1:12 شام مئی 22, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔