وزیر غلام عباس کا بڑا سیاسی فیصلہ: 60 سالہ پی پی پی رفاقت ختم، کاظم میثم کی حمایت کا اعلان
شیعیت نیوز : پاکستان پیپلز پارٹی کے بزرگ رہنما اور سکردو کے سابق رکن کونسل وزیر غلام عباس نے پیپلز پارٹی کے ساتھ 60 سالہ رفاقت ختم کر کے مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار محمد کاظم میثم کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک بڑی تقریب کے دوران یہ اعلان کیا۔ وزیر غلام عباس نے کہا کہ محمد کاظم میثم ایک لائق اور فائق انسان ہیں، ان کی حمایت کرنا میرا شرعی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ انہوں نے میثم کو ایک نگینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے ان سے کوئی لالچ نہیں، صرف ان کے ویژن سے متاثر ہو کر میں ان کے قافلے میں شامل ہو رہا ہوں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آغا علی رضوی کے احسانات کو یاد رکھتے ہوئے کاظم میثم کو تنہا نہ چھوڑیں اور ان کی کامیابی کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلائیں۔
وزیر غلام عباس نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک اگر کوئی قابل لیڈر سامنے آیا ہے تو وہ محمد کاظم میثم ہیں۔ ان کی حمایت ہم سب کی قومی، شرعی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم نے اب بھی ان جیسے لیڈر کی حمایت نہ کی تو یہ ہماری قوم کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : حلقہ 5 نگر: ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی کا بڑا سیاسی پاور شو
محمد کاظم میثم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر غلام عباس کو اصول پسند، نڈر اور جرات مند انسان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ ایسی شخصیات میری حمایت کر رہی ہیں جنہوں نے قوم کے حقوق کے لیے جرات مندانہ جدوجہد کی ہے۔
انہوں نے وزیر غلام عباس کو گلگت بلتستان کا برانڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بزرگوں سے مشاورت کے بعد آگے بڑھیں گے۔ کاظم میثم نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہماری قوم آغا علی رضوی اور وزیر غلام عباس جیسی جرات مند شخصیات کی قدر نہیں کرتی۔







