کراچی میں شہید رہبر انقلاب اور شہدائے میناب اسکول کی یاد میں اجتماع
شیعیت نیوز : پاکستان کے شہر کراچی میں شہید رہبر اور میناب ایلیمنٹری اسکول کے شہداء کی یاد میں ایک بڑا اجتماع منعقد ہوا جس میں اسلامی انقلاب کے حامیوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
اجتماع میں شرکا نے امریکہ اور صیہونی حکومت کے جرائم کی شدید مذمت کی، شہید رہبر معظم آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے تجدید عہد کی اور میناب کے شجرہ طیبہ اسکول کے معصوم شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔
یہ بھی پڑھیں : تہران اپنے موقف اور مطالبات میں واضح اور شفاف ہے اور مذاکرات کا راستہ واشنگٹن پر منحصر ہے، ایرانی سفیر
ساحلی شہر کراچی کے مرکزی پارک میں شہید رہبر کے چہلم کے عنوان سے ہونے والے اس اجتماع کا اہتمام پاکستان کی مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔
اجتماع میں ولایت فقیہ، محور مزاحمت اور اسلامی انقلاب ایران کے ہزاروں حامیوں نے ایران اور پاکستان کے قومی پرچم، شہید رہبر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور موجودہ رہبر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ انہوں نے حالیہ جنگ رمضان میں امریکہ اور صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت میں نعرے لگائے اور لبیک یا خامنہ ای کے نعروں کے ساتھ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے بیعت کا اعلان بھی کیا۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ و شہری ترقی سید ناصر حسین شاہ، مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر علامہ ناصر عباس جعفری، تحریک بیداری کے چیئرمین علامہ سید جواد نقوی اور گلگت کے امام جمعہ علامہ سید راحت حسینی سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر کراچی کے مختلف اسکولوں کے اساتذہ و عملے نے میناب شجرہ طیبہ اسکول کے شہید بچوں کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسکول کے بستے، ڈیسک اور بچوں کی تصاویر سجا کر میناب اسکول پر امریکہ اور صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کی منظر کشی کی۔
پاکستانی رہنماؤں نے خطے میں جاری سفارتی عمل کے حوالے سے ایران کے موقف کی حمایت کی اور اسلامی ممالک کے خلاف امریکی صیہونی گٹھ جوڑ کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے فلسطین اور ایران کی مسلسل حمایت کے ساتھ ساتھ جعلی صیہونی حکومت سے کسی بھی قسم کے رابطوں کی مخالفت میں پاکستانی عوام کے دیرینہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔







