تحریک تحفظ آئین پاکستان جیکب آباد کا اہم اجلاس، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کا عزم

25 اپریل, 2026 07:48

شیعیت نیوز : تحریک تحفظ آئین پاکستان ضلع جیکب آباد کا ایک اہم اجلاس زیرِ صدارت علامہ مقصود علی ڈومکی جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیینؐ جیکب آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ضلعی ذمہ داران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار کا تحفظ اور مظلوم عوام کی مؤثر ترجمانی ہماری جدوجہد کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کے بنیادی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں جس کے خلاف ہر باشعور شہری کو آواز بلند کرنا ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان ایک پلیٹ فارم ہے جو تمام جمہوری قوتوں کو متحد کر کے آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور یہ تحریک ہر قسم کی آمریت، ناانصافی اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شہید رہبر آیت اللہ خامنہ ای کی تصاویر ہٹانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے ضلعی صدر مقبول احمد لاشاری نے کہا کہ ملک کو درپیش بحرانوں کا واحد حل آئین کی بالادستی اور عوامی رائے کا احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیکب آباد ایشیا کا گرم ترین شہر ہے مگر ظالمانہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما جام محمد اسلم انڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی کارکنوں اور قیادت کو نشانہ بنانا جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔

اجلاس کے اختتام پر پانچ قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں جن میں ملک بھر میں سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا اور خصوصاً عمران خان کی رہائی کو ناگزیر قرار دیا گیا۔ ملک میں جاری بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کی گئی اور سولر پینلز پر عائد کیے گئے ٹیکس کو عوام دشمن اور ظالمانہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے حکومت سے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے عوامی حقوق، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی، جبکہ ملک میں قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

9:09 صبح اپریل 25, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔