شہید رہبر آیت اللہ خامنہ ای کی تصاویر ہٹانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے جاری کردہ بیان میں کراچی میں میئر کراچی کی جانب سے رہبرِ انقلابِ اسلامی شہید آیت اللہ خامنہ ای کی تصاویر ہٹانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ حالیہ جنگ کے دوران پوری امتِ مسلمہ، بالخصوص پاکستانی قوم نے ایران کی اخلاقی طور پر بھرپور حمایت کی، جبکہ آیت اللہ کی شہادت کے بعد وہ فقط ایران کے نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے محبوب لیڈر کے طور پر مانے گئے۔ ایسے میں میئر کراچی کی جانب سے شہر سے آیت اللہ کی تصاویر ہٹانا نہ صرف احمقانہ اقدام ہے بلکہ عوام الناس کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ میئر کراچی کو ان کے جذبات اور عقیدت کی کوئی پرواہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاپائے روم کا ایران کے حق میں واضح موقف، بے قصور ایرانی عوام پر جنگ مسلط کی گئی
بیان میں کہا گیا کہ کسی بھی سیاسی اور عوامی نمائندگی کا دعویٰ کرنے والی شخصیت کو یہ بات زیب نہیں دیتی کہ ان کے فیصلے غیر عوامی ہوں۔ میئر کراچی کے اس اقدام نے عوام الناس کو ان کی جماعت کے خلاف کر دیا ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق ملک بھر کے مختلف علاقوں میں عوام الناس کی جانب سے پیپلز پارٹی کے جھنڈے اتارے جا رہے ہیں جو ایک فطری ردِ عمل ہے اور اس کے ذمہ دار کوئی اور نہیں بلکہ میئر کراچی خود ہیں۔
بیان میں حکمرانوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ فرعون بننے کے بجائے عوام الناس کے جذبات کا خیال رکھیں اور ایسے فیصلے ہرگز نہ کریں جن سے عوام کے جذبات مجروح ہوں۔







