ایرانی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سے رابطہ، جنگ بندی سے متعلق امور پر گفتگو

24 اپریل, 2026 16:25

شیعیت نیوز : ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے جمعے کے روز پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے اور حالیہ علاقائی پیش رفت اور ایران و امریکا کے درمیان جاری جنگ بندی کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی کے بعد مذاکرات کا پہلا دور اسلام آباد میں ہوا تھا جو بے نتیجہ رہا تھا، اب پاکستان کی ثالثی میں فریقین کو ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں جاری ہیں جس میں ایران کی جانب سے امریکی بحری ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے متعدد بیانات میں ایران کی بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کے اعلانات کر چکے ہیں اور جمعرات کو انہوں نے امریکی فوج کو آبنائے ہرمز میں موجود گن بوٹس کو تباہ کرنے کا حکم بھی دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی بری فوج کے کمانڈر کا دشمن کو کھلا چیلنج، زمینی جارحیت کا سوچا بھی تو دندان شکن جواب ملے گا

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا پر عدم اعتماد جاری مذاکرات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور ایران نے امریکا کے دھمکی آمیز رویے، بندرگاہوں کی بندش اور غیر سنجیدہ طرزِ عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ایرانی صدر نے واضح کیا کہ ایران نے ہمیشہ مذاکرات اور معاہدوں کا خیرمقدم کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا، تاہم دنیا امریکا کی مسلسل بیان بازی اور عملی اقدامات کے درمیان واضح تضادات کو صاف دیکھ رہی ہے۔

5:46 شام اپریل 24, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔