جنرل (ر) عبدالقیوم: امریکا و اسرائیل فیس سیونگ کے خواہاں، پاکستان کو محتاط رہنا ہوگا

26 مارچ, 2026 12:54

شیعیت نیوز : راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ ایران سے جاری کشیدگی میں امریکا اور اسرائیل اب فیس سیونگ چاہتے ہیں اور امریکا کی کریڈیبلٹی صفر ہو چکی ہے، اس لیے پاکستان کو محتاط انداز میں آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو پاکستان پر اعتماد ہے کیونکہ اس کے امریکا اور ایران دونوں کے ساتھ بہتر تعلقات ہیں، جبکہ مٹھی بھر افراد کی کوئی اہمیت نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کے متنازع بیانات، سوشل میڈیا پر طنز و مزاح کی لہر

جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ توانائی کے بغیر کوئی ملک نہیں چل سکتا اور تیل و گیس عالمی سیاست میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، حتیٰ کہ پہلی جنگ عظیم کی بنیاد بھی توانائی کے وسائل تھے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے مذاکرات کے دوران ایران پر حملہ کیا، تاہم ایران ایک مزاحمتی قوم ہے جس نے بھرپور مقابلہ کیا، اور اب امریکا و اسرائیل فیس سیونگ کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور پاکستان کی ملٹری و سول قیادت ایک ٹیم کے طور پر کام کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور کئی ممالک متاثر ہوئے ہیں، جبکہ امریکا بھی اس صورتحال سے محفوظ نہیں رہا۔

جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ ایران کو مطلوب سیکیورٹی ضمانتیں اقوام متحدہ کے ذریعے ملنی چاہئیں، اور مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کچھ عناصر پاکستان کو فرقہ واریت کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم عوام کو اپنی ملٹری قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔

بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کی قیادت ناکام ہو چکی ہے اور وہ عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے۔

2:38 شام مارچ 26, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔