ایران دشمنوں کی دھمکیوں میں نہیں آئے گا، ایرانی اہل سنت امام جمعہ
شیعیت نیوز : شہر مریوان کے اہل سنت امام جمعہ مولوی مصطفیٰ شیرزادی نے ماہِ مبارک رمضان کی مبارکباد پیش کی اور اس مقدس مہینے میں مؤمنین کی عبادات کی قبولیت کی دعا کی۔
انہوں نے کہا: ماہِ رمضان عالمِ اسلام میں دینی بھائیوں کے درمیان وحدت اور ہم آہنگی کا باعث ہے لہٰذا اس مہینے کا پہلا اور اہم ترین اثر اسلامی مذاہب کے درمیان مزید اتحاد کا مضبوط ہونا ہے۔
شہر مریوان کے اہل سنت امام جمعہ نے مزید کہا: ماہِ رمضان میں انسان دنیوی خواہشات سے دور ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ اور قرآنِ کریم سے اس کا انس بڑھ جاتا ہے۔
مولوی شیرزادی نے ایران اسلامی کے خلاف مستکبرین کی بڑھتی ہوئی دشمنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ صہیونی دشمن کے ساتھ ساتھ امریکی، بعض مغربی اور حتیٰ کہ کچھ عرب ممالک بھی کھلم کھلا حکومتِ جمہوری اسلامی کے ساتھ اپنی دشمنی کا اعلان کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جامعۃ المصطفیٰ کراچی میں نہج البلاغہ میں استعاراتی اسلوب پر علمی نشست، حجۃ الاسلام سید رضا موسوی کا مدلل خطاب
انہوں نے کہا: امریکی اپنے بھاری اخراجات اور مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی کے ذریعہ ایران کے حکمرانوں کو خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ حکومتِ جمہوری اسلامی اور ایرانی قوم امریکیوں کے ان گیدڑ بھبھکیوں اور سیاسی کھیلوں خصوصاً ٹرمپ کے فریب میں ہرگز نہیں آئیں گے۔
مولوی شیرزادی نے کہا: امریکہ اچھی طرح جانتا ہے کہ ایران کے ساتھ فوجی ٹکراؤ خود اس کے لیے اور اس کے اتحادی ممالک کے لیے ناقابلِ تلافی نقصانات کا باعث بنے گا۔
امام جمعہ مریوان نے مزید کہا: اس کے باوجود عقل کا تقاضا ہے کہ دشمن کو کبھی کمزور نہ سمجھا جائے کیونکہ امریکیوں نے گزشتہ 47 برسوں میں بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ ایران اور ایرانی قوم کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔







