مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان کی شدید مذمت: اہل بیتؑ کی توہین پر ملزم راجہ مون کی فوری گرفتاری کا مطالبہ
شیعیت نیوز : مرکزی انجمن امامیہ گلگت بلتستان نے سوشل میڈیا پر اہلِ بیتِ اطہارؑ کے خلاف مبینہ توہین آمیز مواد شیئر کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزم راجہ مون کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
انجمن امامیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کیا گیا مواد نہ صرف اہلِ بیتؑ کے ماننے والوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا سبب بنا ہے بلکہ اس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایسے عناصر معاشرے میں نفرت اور انتشار کو ہوا دیتے ہیں، جن کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ناگزیر ہے۔
ترجمان نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے فوری طور پر ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف تعزیراتِ پاکستان اور انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کریں اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی مقدسات کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن و امان کے قیام اور عوام کے مذہبی جذبات کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
یہ بھی پڑھیں : مغربی منافقت بے نقاب: ایپسٹن فائلز سے استعماری نظام کی اخلاقی شکست کا اعتراف
انجمن امامیہ نے خبردار کیا کہ اگر اس معاملے میں فوری اور مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آ سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
آخر میں انجمن امامیہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ وہ بلا امتیاز کارروائی کرتے ہوئے معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی اور امن کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔







