پاکستانی شیعہ، سنی اور مختلف مذاہب کے علما، سیاسی رہنماؤں کا ایران کے قونصل خانے میں ہجوم
شیعیت نیوز : کراچی میں جمہوری اسلامی ایران کے قونصل جنرل آقائے اکبر عیسی زادہ سے مختلف مکاتب فکر کے علما، سیاسی رہنماؤں اور سماجی شخصیات کی ایک نمائندہ جماعت نے ملاقات کی۔
وفد نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے مکمل اظہار یکجہتی کیا اور حالیہ امریکی دھمکیوں اور دشمنانہ بیانیے کو شدید الفاظ میں مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کا یہ رویہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پاکستانی رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ ہر قسم کے حالات میں، خواہ وہ کشیدگی ہو یا مذاکرات کا عمل، رہبر انقلاب کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ایران کی حمایت جاری رکھیں گے۔
ایرانی قونصل جنرل نے پاکستانی وفد کے اس واضح مؤقف کو دونوں برادر ممالک کے گہرے اور تاریخی تعلقات کی علامت قرار دیا اور مشکل وقت میں پاکستانی قیادت اور عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: امہ کانفرنس: علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے ٹرمپ کے “عزہ پیس بورڈ” کو مسترد کر دیا
ملاقات کے اختتام پر وفد نے کراچی کے سینکڑوں مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کے دستخطوں سے مرتب کردہ ایک تاریخی طومار (پٹیشن) قونصل جنرل کے حوالے کیا، جس میں رہبر انقلاب اسلامی سے مکمل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا تھا۔ وفد نے درخواست کی کہ یہ پیغام رہبر معظم تک پہنچایا جائے۔
وفد میں شامل نمایاں شخصیات میں حجت الاسلام سید ناظر عباس تقوی، حجت الاسلام عقیل موسی، حجت الاسلام حیدر عباس عابدی، حجت الاسلام اصغر حسین شہیدی، اسد اللہ بھٹو، مولانا عقیل انجم، مولانا قاضی احمد نورانی، علامہ صادق جعفری، سید محمد نقی اور دیگر شامل تھے۔







